طارق فضل چوہدری کا قومی اسمبلی کے اجلاس میں توجہ مبذول نوٹس کا جواب

86

اسلام آباد ۔23نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں تجاوزات سے نمٹنے کےلئے مزید 400 افراد بھرتی کرنے کیلئے سمری وزیراعظم کو ارسال کر رکھی ہے‘ اسلام آباد میں سی ڈی اے کے لئے یہ معاملہ چیلنج بن چکا ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں آسیہ ناز تنولی کے سی ڈی اے کی اراضی پر بڑھتی ہوئی تجاوزات سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یہ معاملہ اسلام آباد میں سی ڈی اے کے لئے چیلنج بن چکا ہے۔ وہ زمینیں جن کا پچاس سال سے سی ڈی اے قبضہ نہیں لے سکی‘ قابضین اب متاثرین کے نام سے جانے چاہتے ہیں۔ ایک سال میں 2662 سٹرکچرز گرائے گئے‘ 230 افراد پر مشتمل عملہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے موجود ہے۔ وزیراعظم کو ہم نے 400 مزید افراد بھرتی کرنے کی سمری ارسال کر رکھی ہے جس کے بعد ہم مزید موثر انداز میں کام کر سکیں گے۔ توجہ مبذول نوٹس پر آسیہ ناز تنولی کے سوال کے جواب میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہم اس بات سے انکار نہیں کر سکتے کہ سی ڈی اے کے عملے کی ملی بھگت سے یہ کام ہوتا ہے۔