اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل سے جمعرات کو پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر جی ایم ای اے) کے چیئرمین شیخ لقمان امین کی سربراہی میں وفد نےملاقات کی۔اجلاس میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل، چیئرمین ایف بی آر، فنانس ڈویژن اور ایف بی آر کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
وفد نے پاکستان کی برآمدات میں گارمنٹس کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ویلیو ایڈڈ گارمنٹس پر ٹیکس لگانے، سیلز ٹیکس کی واپسی وغیرہ سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ڈی ایل ٹی ایل اور جی ایس پی پلس سٹیٹس کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے موجودہ حکومت کے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں پائیدار ترقی کے حصول کے لئے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور کاروباری برادری کو سہولتیں فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے وفد کو ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور وفد کو برآمدات کی بنیاد بڑھانے پر بھی زور دیا۔ وفد نے ان کے مسائل حل کرنے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔