اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ کی زیر صدارت سینیٹ کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی ذیلی کمیٹی کا چھٹا اجلاس بدھ کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی غلام محمد میمن ، پروفیسر ڈاکٹر محمد تبسم افضل ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ڈائریکٹر جنرل فیکلٹی افیئر ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اسلام آباد محمد رضا چوہان، خزانچی کامسیٹس یونیورسٹی محمد اعظم اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے نئے کیمپسز کی ضرورت پر زور دیا اور کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رواں مالی سال میں یونیورسٹی کے سکھر اور کوئٹہ کیمپسز کے قیام کے لئے متعلقہ محکموں کے ساتھ تعاون بڑھایا جائے۔ کامسیٹس یونیورسٹی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں ڈینز فیکلٹی آف بزنس ایڈمنسٹریشن اور فیکلٹی آف سائنس کی تقرری کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ذیلی کمیٹی نے ملک کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے ساتھ تعلیمی اداروں کے الحاق کی تجویز پر بھی اتفاق کیا۔ یہ ملک میں تعلیم کے معیار اور یونیورسٹی کی فنانشل پوزیشن بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
کامسیٹس یونیورسٹی کے رجسٹرار کی تقرری کے ایجنڈے پر تفصیلی غور و خوض کے بعد ذیلی کمیٹی نے اس عمل کو نئے سرے سے آغاز کرنے کی ہدایت کی۔ ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی نے سینیٹ کی ذیلی کمیٹی کے پانچویں اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر نے ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئے یونیورسٹی کے اقدامات کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی تعلیمی معیار کو مزید بہتر کرے گی اور گڈ گورننس کو بھی یقینی بنائے گی۔