خواجہ سعد رفیق کا ”ریلوے ورکشاپ فار دی فارمیشن آف پاکستان ریلویز سٹرٹیجک پلان“ میں اظہار خیال

112

اسلام آباد ۔ 7 دسمبر (اے پی پی)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان ریلوے کی تین سالہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے 2.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا ، پاکستان ریلوے کا ریونیو 18 ارب سے بڑھ کر 30 جون 2016ءمیں 36 ارب تک پہنچ چکا ہے، اسے رواں مالی سال کے دوران 40 ارب تک لے جانا ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو ”ریلوے ورکشاپ فار دی فارمیشن آف پاکستان ریلویز سٹرٹیجک پلان“ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلوے سٹریٹجک پلان کے حوالے سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے شکر گذار ہیں جس نے پاکستان ریلوے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ 2013ءسے پہلے پاکستان ریلوے کی صورتحال کیسی تھی اور اب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کیا جا رہا ہے اور انشاءاﷲ ہمیں اس میں کامیابی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پاکستان ریلوے میں کوئی سفر کرنے کو تیار نہیں تھا لیکن اب پاکستان ریلوے میں سفر کرنے والوں کی تعداد 15 ملین تک پہنچ گئی ہے۔