افغان عوام کی حمایت کے حوالہ سے پاکستان ہمیشہ سے پرعزم رہاہے،وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی وزیرمملکت خارجہ امور حنا ربانی کھرسے ملاقات میں گفتگو

166
افغان عوام کی حمایت کے حوالہ سے پاکستان ہمیشہ سے پرعزم رہاہے،وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی وزیرمملکت خارجہ امور حنا ربانی کھرسے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ افغان عوام کی حمایت کے حوالہ سے پاکستان ہمیشہ سے پرعزم رہاہے،مشکل وقت میں اپنے پڑوسی ملک افغانستان کی مدد کے لیے فریم ورک پر کام کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

انہوں نے یہ بات پیرکویہاں وزیر مملکت برائے امورخارجہ حنا ربانی کھر کے ساتھ دورہ افغانستان کی تیاریوں کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس میں کہی۔

اس موقع پروزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ اوروزارت خزانہ و دفتر خارجہ کے سینئر افسران بھی موجودتھے۔اجلاس میں دورہ افغانستان کی تیاری اور افغان قیادت کے ساتھ فیصلہ کن بات چیت کے لئے جامع ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی اور علاقائی روابط بڑھانے اور تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لئے مختلف دوطرفہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ کو اقتصادی اور علاقائی امن و استحکام کے امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیر خزانہ نے اس موقع پربتایا کہ پاکستان ہمیشہ افغان عوام کی حمایت کے حوالہ سے پرعزم رہاہے۔انہوں نے مشکل وقت میں اپنے پڑوسی ملک افغانستان کی مدد کے لئے فریم ورک پر کام کرنے کی ہدایت بھی کی ۔ وزیر خزانہ نے مستقبل قریب میں افغانستان کا موثر اور نتیجہ خیز دورہ کرنے کے لئے جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔