اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں،اتحادی حکومت کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے،پاکستان کو یہاں تک لانے میں پاکستانی تارکین وطن کا بڑا کردار ہے۔
وہ بدھ کو یہاں پارلیمنٹیرین کمیشن برائے انسانی حقوق اور اوورسیز پاکستانی گلوبل فائونڈیشن کے زیر اہتمام پاکستانی تارکین وطن کے ملکی اور غیر ملکی قوانین کے تحت حقوق کے موضوع پر ایک روزہ مشاورتی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دل ہم سے زیادہ پاکستان کے لئے دھڑکتے ہیں،یہ دیار غیرمیں بیٹھ کر ہم سے زیادہ فکر مندہوتے ہیں،ان کا یہ ملک کے ساتھ اظہار محبت ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر دور اور ہر حکومت میں اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے تجاویز بھی آتی رہیں اور ان کے حل کے لئے کوششیں بھی ہوتی رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تارکین وطن کی عدم موجودگی میں یہاں جو ان کو مسائل درپیش آتے ہیں، تارکین وطن کو حقوق اسی وقت مل سکیں گے جب پاکستان میں رہنے والوں کو یہ حقوق ملیں گے۔