سیالکوٹ۔8فروری (اے پی پی):ترجمان محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کہا کہ گندم کے کاشتکار یوریا کا استعمال نہ کریں۔ نارمل زمین میں گندم کی فصل کو 60 دن تک نائٹروجن کھاد کی آخری قسط دی جاتی ہے ۔ گندم کی فصل میں یوریا کے استعمال میں بے جا زیادتی کی وجہ سے پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے ۔ نارمل زمین میں نائٹروجن کھادا یوریا کا استعمال عام طور پر دوحصوں میں مکمل کیا جاتا ہے جبکہ ریتلی اور لوم والی زمینوں پر یہی استعمال تین حصوں میں مکمل کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے نائٹروجن کھاد کا اطلاق 60 دن کے اندر لازماً مکمل کریں ۔ گندم کی فصل کو چونکہ اب 60 دن مکمل ہو چکے ہیں تو اس مرحلہ پر یوریا کا بے جا استعمال پودے میں خشکی و تناؤ پیدا کرنے کا باعث بن سکتا ہے جس کی وجہ سے فصل پر تیلہ یا دوسری بیماریوں کے حملہ کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نائٹروجن کھا دوں خاص طور پر یوریا کا زیادہ استعمال گندم کی فصل میں متوازن کھادوں میں خرابی کا باعث بنتا ہے اس لئے گندم کے کاشتکار اس مرحلہ پر نائٹروجنی کھاد کے استعمال میں احتیاط کریں اور کسی بھی ناگزیز صورت حال میں نائٹروجن کھا د، یوریا کا استعمال محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی عملے کے مشورہ کریں۔