توشہ خانہ کی تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں ، فرح گوگی جیسے کرداروں کے ذریعے توشہ خانہ سے زیورات اور قیمتی چیزیں پہن کر بیرون ممالک میں جاکر فروخت کی گئیں ، یہ منی لانڈرنگ کا نیا طریقہ ہے ،معاون خصوصی عطا تارڑ کی پریس کانفرنس

299
توشہ خانہ کی تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں ، فرح گوگی جیسے کرداروں کے ذریعے توشہ خانہ سے زیورات اور قیمتی چیزیں پہن کر بیرون ممالک میں جاکر فروخت کی گئیں ، یہ منی لانڈرنگ کا نیا طریقہ ہے ،معاون خصوصی عطا تارڑ کی پریس کانفرنس

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کی تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں ، فرح گوگی جیسے کرداروں کے ذریعے توشہ خانہ سے زیورات اور قیمتی چیزیں پہن کر بیرون ممالک میں جاکر فروخت کی گئیں ، یہ منی لانڈرنگ کا نیا طریقہ ہے ، عمران خان اور بشری بی بی توشہ خانہ کیس میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں ،عمران خان کے اندر گرفتاری اور فرد جرم کا ڈر اور خوف اتنا بیٹھ گیا ہے کہ اپنے آپ کو لاک کرنے اوردیوار پھلانگنے سے بھی گریز نہیں کررہے ،عمران خان اداروں کو گالیاں دیں یا جو بھی کر لیں لیکن ان کے خلاف فرد جرم ہر حال میں عائد ہونی ہے ۔

وہ منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ عدالت نے آخری سماعت پر مسلسل عدم حاضری پر عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور کہا گیا تھا کہ آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنائی جائے، منگل کو صبح ساڑھے آٹھ بجے عدالت کا وقت شروع ہو ا اورایک بج کر 38 منٹ تک ملزم عمران احمد نیازی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جب بھی عدالتوں میں تاریخ ہو تو لازم ہوتا ہے کہ عدالت کے روبرو پیش ہوں اور اپنے دفاع کے لئے وکیل کھڑا کیا جائے ، عدالت کی کارروائی میں حصہ لیں ، آج سے دو روز قبل اسلام آباد پولیس وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لئے لاہور گئی تھی کہ 7 مارچ کو اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں پیش ہونا ہے ، دو مرتبہ ان کے وکیل آئے ،ان کے پاس تو وکالت نامہ نہیں تھا ، یہ ہر پیشی پر وکیل تبدیل کر دیتے ہیں ،کسی بھی مقدمے میں فرد جرم عائد ہونا ہو تو وکیل نہ صرف وکالت نامہ جمع کر اتا ہے بلکہ ملزم کو بھی عدالت کے روبرو پیش کرتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان شدید خوف اورڈر میں مبتلا ہیں ، جب انسان اپنے آپ کو تسلی دے کہ کیس چھوٹا ہے تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ انسان اندر سے ڈر گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ارب کی گھڑی ، 50 کروڑ کے بریسلٹ پہن کر جہا ز میں بیٹھ جائیں تو کوئی ادارہ چیک نہیں کرتا ، ہماری تحقیقات مکمل ہوگئی ہیں توشہ خانہ کے قیمتی زیورات فرح گوگی پہن پر بیرون ممالک گئی اور وہاں فروخت کر دیئے، یہ منی لانڈرنگ کا نیا طریقہ ہے ، قانونی طور پر اسے پکڑنا آسان نہیں تھا، مہینوں کی تحقیقات کے بعد سامنے آیا ہے کہ یہ اربوں روپے کی چوری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلا م آباد ٹائم زون سے جعلی رسید بنانا بھی جرم ہے ، سعودی عرب سے خانہ کعبہ کی تصویر والی گھڑی تبرک کے طور پر رکھ لینی چاہیے تھی ،اس کی بھی قدر نہیں کی گئی اور فروخت کر دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ 2019 میں فرح گوگی کو ایمنسٹی دیکر کروڑوں روپے معاف کیے گئے ، اگر فرح گوگی قصور وار نہیں تو کیوں فرار ہوئی ہے ، پاکستان آئے اور کیسز کا سامنا کرے ۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو والد کے سامنے دوسری مرتبہ جعلی کیس میں گرفتار کیا گیا، ن لیگی قیادت ہمیشہ عدالتوں میں پیش ہوئے ہیں ۔ انہوں نے عدالت سے اپیل کی کہ توشہ خانہ کی براہ راست سماعت کی جائے ۔ عطا تارڑ نے کہا کہ آج عمران خان کی عدالت میں میڈیکل سے متعلق درخواست آئی ہے جس میں کہا گیا کہ عمران خان کو پائل کی تکلیف ہے ، لمبا سفر نہ کریں ، گرفتاری کا ڈر اور خوف اتنا بیٹھ گیا ہے کہ اپنے آپ کو لاک کرنے اوردیوار پھلانگنی شروع کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی کئی مہینے کیسز کو التوا کا شکار کریں گے تو کیسے فرد جرم عائد کی جائے گی ، مقدمے نے تو آگے چلنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے پھانسی برداشت کی ،اٹک قلعہ کی مشکلات برداشت کیں لیکن دوسری جانب عمران خان گھر سے باہر قدم نہیں رکھ رہا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وارنٹ گرفتاری اس مقصد کے لئے جاری کیے گئے تھے کہ حاضری یقینی بنائی جائے ، جو تعمیل نہ کرے اس کے اثاثہ جات اٹیچ کر دیئے جاتے ہیں ، ہماری جانب سے آئندہ تاریخ پر یہ درخواست بھی دائر کی جاسکتی ہے ۔