وفاقی وزیر احسن اقبال اور چین کے نائب وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات،مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

244
وفاقی وزیر احسن اقبال اور چین کے نائب وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات،مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

بیجنگ ۔4اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے منگل کوچین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے بیجنگ میں ملاقات کی۔اس موقع پر دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال گیا۔

ان کے ہمراہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ،چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق اور سفارتخانہ کے حکام بھی موجود تھے۔دونوں فریقوں نے پاک چین لازوال دوستی اور ’’ سدا بہار سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ‘‘ کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ دونوں فریقوں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک )کے تحت تعاون، تجارتی، اقتصادی اور مالیاتی تعاون، ثقافتی تبادلے اور عوام کے درمیان تعلقات شامل ہیں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے ملک کی معاشی مشکلات کو کم کرنے اور کوویڈ 19 وبائی امراض کے درمیان پاکستان کی اہم حمایت پر چینی فریق کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں حالیہ سیلابوں کے بعد چین کی فراخدلانہ مدد پر بھی شکریہ ادا کیا۔ اس سال جولائی میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) اور سی پیک کی ایک دہائی کی تکمیل کا ذکر کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی نے اس سنگ میل کو شایان شان انداز میں منانے کے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان کے سماجی و اقتصادی منظرنامے پر اور لوگوں کی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے سی پیک کے مثبت اثرات کو بھی سراہا۔ ملاقات میں سی پیک کے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جن میں سے اکثر اس سال مکمل ہو جائیں گے۔ دونوں فریقوں نے سی پیک کو بی آ ر آ ئی کے تحت اعلیٰ معیار کی ترقی کی بہترین مثال بنانے پر اتفاق کیا اور سی پیک کی تیسرے ممالک تک توسیع پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اعلیٰ سطح کے تبادلے ہمیشہ سے دوطرفہ تعلقات کا طرہ امتیاز رہے ہیں اور اس رفتار کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔دونوں فریقین نے چین پاکستان سیاحتی تبادلوں کے جاری سال میں عوامی سطح پر باہمی روابط کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا