وزیراعظم کا شعیب ہاشمی کے انتقال پراظہار تعزیت

311
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے استاد، ڈرامہ نویس، مزاح نگار، دانشور، شاعر اور فیض احمد فیض کے داماد شعیب ہاشمی کے انتقال پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے منیزہ ہاشمی، سلیمہ ہاشمی اور دیگر اہل خانہ سے شعیب ہاشمی کی وفات پرہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شعیب ہاشمی نے پی ٹی وی کے سنہری دور میں اہم کردار ادا کیا ۔

انہوں نے طنز و مزاح کے پروگراموں میں نئی جہت متعارف کروائی ۔شعیب ہاشمی نے یادگار اور ناقابل فراموش ڈرامے لکھے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ اُن کے قلم سے روشن اقدار، روایات اور نظریات کو فروغ ملا۔ ان جیسے قلم کار اور دانشور نے معاشرے کو تہذیب، سلیقہ اور ادب سکھایا ۔اُن کی وفات معاشرے، فن اور ادب کا بڑانقصان ہے۔وزیراعظم نے اللہ تعالی سے مرحوم کے درجات کی بلندی اورلواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔