اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):ملک کودرپیش معاشی مسائل کے باوجود وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی ہے، پیٹرول کی فی لیٹرقیمت میں 12 روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل 30روپے، کیروسین آئل 12 روپے اورلائیٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 12 روپے کمی کردی گئی ہے۔
وزیرخزانہ سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے پیرکویہاں نیوزکانفرنس میں بتایا کہ وزیراعظم محمدشہباز شریف اورموجودہ حکومت کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے۔ انہوں نے کہاکہ آنیوالے پندرہ دنوں کیلئے پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹرکمی جارہی ہے جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 282 روپے سے کم ہوکر270 روپے ہوجائیگی، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے کمی کردی گئی ہے جس کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹرقیمت 288 روپے سے کم ہوکر258 روپے ہوگئی، مٹی کے تیل کی قیمت 12 روپے کی کمی کے بعد 164.07 روپے ہوگی، اسی طرح لائیٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 12 روپے کمی کردی گئی ہے اوراس کی نئی قیمت 152.68 روپے ہوگئی ہے۔
وزیرخزانہ نے ٹرانسپورٹرز اورلائیٹ ڈیزل استعمال کرنے والے اداروں اورمحکموں سے اپیل کی کہ وہ پیٹرولئیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کافائدہ عوام تک پہنچائے۔انہوں نے کہاکہ ٹرانسپورٹرز اورمحکموں کومنصفانہ انداز میں یہ فائدہ عوام تک پہنچانا چاہئیے۔