کپاس کے کاشتکار کو سفید مکھی اور گلابی سنڈی کے کنٹرول پر بروقت توجہ دینے کی ہدایت

378
کپاس

ملتان۔ 05 ستمبر (اے پی پی):کپاس کے کاشتکار کو سفید مکھی اور گلابی سنڈی کے کنٹرول پر بروقت توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان ڈاکٹر زاہد محمود نے کپاس کے کاشتکاروں کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کپاس کی فصل خوب پھل پھول اٹھا رہی ہے۔کاشتکار ہفتے میں دو سے تین بار فصل کی پیسٹ سکاؤٹنگ کریں۔انہوں نے حبس زدہ اور گرم مرطوب موسم کپاس کی سفید مکھی کے حملہ کی بڑی وجوہات قرار دیں۔انہوں نے کہا کہ سفید مکھی کے کنٹرول کے لئے کپاس کے کاشتکار پیلے رنگدار چپکنے والے پھندوں کا استعمال کریں اور اگر پیلے چپکدار ڈبوں سے بھی سفید مکھی کنٹرول نہ ہو تو زرعی ماہرین کے مشورہ سے سفارش کردہ زہروں کا استعمال کریں سفید مکھیاں پیلے رنگ دارڈبوں پر موجود طاقتور چپکن میں پھنس کر بغیر سپرے کے ہلاک ہو جاتی ہیں۔

یہ پھندے کپاس کی فصل کے چاروں اطراف اور درمیان میں لگائے جاتے ہیں۔ کپاس کے کاشتکاروں کو فی ایکٹر کے حساب سے 10 پیلے رنگدارڈبوں والے پھندے کھیت میں لگانے کی سفارش کی گئی ہے۔ خیال رہے کاشتکار ایک ہی زہر بار بار استعمال نہ کریں بلکہ زہریں ہمیشہ بدل کر ہی استعمال کریں۔ ڈاکٹر زاہد محمود نے کہا کہ اگر فصل پر سفید مکھی کا حملہ معاشی نقصان کی حد 5 فی پتہ بالغ یا بچہ یا دونوں فی پتہ کی حد عبور کرلے تو کاشتکار سفارش کردہ زرعی زہروں کا استعمال ضرور کریں۔