کاشتکاروں کو 20ستمبر سے کینولا کی کاشت شروع کرنے کی ہدایت

132
کینولا

فیصل آباد ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو 20ستمبر سے کینولا کی کاشت شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار کینولا کی کاشت 20 ستمبر سے شروع کرکے 15اکتوبر تک مکمل کرسکتے ہیں ۔

محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ سازگار موسمی حالات، بروقت بارشوں اور مناسب وتر کی موجودگی سے کینولا کی شاندار فصل حاصل ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار پنجاب سرسوں اور خان پور رایاکی کاشت بھی مذکورہ شیڈول کے مطابق کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ کاشت کیلئے ڈیڑھ فٹ کے فاصلے پر قطاریں بنائی جائیں اور بوائی کے وقت1بوری ڈی اے پی اور آدھی بوری یوریا فی ایکڑ استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ رایا سرسوں اور کینولا کا 2 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔

انہوں نے کہاکہ فصل کو بوائی کے بعد پہلا پانی 15 سے 20 روز کے اندر، دوسرا پانی پھل نکلتے وقت اور تیسراپانی بیج بنتے وقت لگایاجائے۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔