اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (آپٹما) نے پنجاب میں کپاس کی فصل پرسفیدمکھی کے حملہ کے تدارک کیلئے حکومت پنجاب کے ساتھ مل کرکام کرنے کا اعلان کیاہے۔ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہاگیاہے کہ پنجاب میں کپاس کی فصل پرسفیدمکھی کے حملہ کے تدارک کیلئے حکومت پنجاب کے ہنگامی سپرے آپریشن میں ایسوسی ایشن حکومت پنجاب کومعاونت فراہم کرے گی، اس مقصدکیلئے جمع کردہ فنڈز ہنگامی سپرے آپریشن کیلئے مختص کردئیے گئے ہیں۔
بیان میں کہاگیا ہے کہ گزشتہ سال کپاس کی 5 ملین گھانٹوں سے کم کی پیداوارحاصل ہوئی تھی جو پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کی 15 ملین گھانٹوں کی ضروریات سے بہت کم تھی، پاکستان کی ٹیکسٹائل کی ضروریات کوپوراکرنے کیلئے گزشتہ مالی سال کے دوران 2 ارب ڈالرمالیت سے زیادہ کپاس کی درآمدات ریکارڈکی گئیں مگر اس کے باوجود یہ ٹیکسٹائل کی صنعت کوحقیقی استعداد کے مطابق چلانے کیلئے ناکافی تھی،
اس صورتحال کے تناظرمیں آپٹما اورحکومت پنجاب کے درمیان شراکت داری سے کپاس کی فصل میں اضافہ کیلئے اقدامات کئے گئے جس سے کاٹن کی بوائی میں اس سال 23 فیصداضافہ ہوا۔کپاس کا زیرکاشت رقبہ 5.2 ملین ایکٹرسے بڑھ کر6.6 ملین ایکڑہوگیا۔ بیان میں کہاگیاہے کہ کپاس کی فصل پرسفیدمکھی کے حملہ کے تدارک کیلئے پاک فوج کی جانب سے سپرے کیلئے ہنگامی بنیادوں پرڈرون تعینات کئے گئے ہیں،
پنجاب کامحکمہ زراعت سپرے کے آپریشن کی سربراہی ونگرانی کررہاہے۔بیان کے مطابق ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑہ، بہاولنگر، رحیم یارخان، بہاولپوراورملتان سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں سپرے کیلئے مناسب مقدارمیں کیڑے مارادویات (ایم اے ٹی اوآئی) فراہم کردی گئی ہے۔