گندم کے پیدواری مقابلوں میں حکومت پنجاب کی جانب سے انعامات کو ڈبل کر دیا گیا، ڈی جی زراعت توسیع

661
Wheat crop
Wheat crop

اٹک۔ 03 اکتوبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے گندم کی پیداوار کو بڑھانے کے لیےانقلابی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔اس سال گندم کے جدید معیاری بیج کے بیگ پر 1500 روپے سبسڈی دی جارہی ہے اور پنجاب بھر میں 12 لاکھ بیج کے بیگ فراہم کیےجائیں گے ۔

پنجاب بھر میں گندم کے 10 ہزار نمائشی پلاٹس لگائے جا ر ہے ہیں اور اس پر زرعی مداخل کے 20 ہزار روپے فراہم کئے جائیں گئے۔نمائشی پلاٹس پر 20 ہزار سبسڈی دی جارہی ہے۔اس سال گندم کے مقابلہ جات میں کامیاب ہونے والے کاشتکاروں کے لیے انعامات کو بڑھا دیا گیا ہے۔

پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 45 لاکھ کا ٹریکٹر ، دوسری پوزیشن والے کو 35 لاکھ والا ٹریکٹر اور تیسری پوزیشن والے کو 25 لاکھ والا ٹریکٹر انعام دیا جائے گا۔ اسی طرح ضلعی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کاشتکار کو 6 لاکھ،دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 4 لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 2 لاکھ کے انعامات دیئے جائیں گے جبکہ پوٹاش کھادوں پر اربوں روپے کی سبسڈی بھی جاری رہے گی۔

وہ منگل کو حضرو میں ایک روزہ گندم سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے خصوصی گفتگو کررہے تھے۔ چیف آرگنائزر ڈاکٹر جاوید کی نگرانی میں منعقدہ سیمینار کا مقصد گندم کی بھرپور پیداوار حاصل کرنے کے لئے کاشتکاروں کو آگاہی دینا تھا۔ اس موقع پر کسانوں کی آگہی کیلئے کئی سٹالز بھی لگائے گئے تھے جبکہ سٹیٹ بنک کی ہدایات پر کئی بینکوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔