گندم کے معیاری بیج پر1500 روپے فی بیگ سبسڈی کی فراہمی شروع

فیصل آباد ۔ 04 اکتوبر (اے پی پی):حکومت پنجاب کی جانب سے گندم کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت امسال کاشتکاروں کو محکمہ زراعت کی منتخب تصدیق شدہ اقسام کے گندم کے معیاری بیج پر1500 روپے فی بیگ سبسڈی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے جبکہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر میں گندم کے10ہزار نمائشی پلاٹس …

فیصل آباد ۔ 04 اکتوبر (اے پی پی):حکومت پنجاب کی جانب سے گندم کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت امسال کاشتکاروں کو محکمہ زراعت کی منتخب تصدیق شدہ اقسام کے گندم کے معیاری بیج پر1500 روپے فی بیگ سبسڈی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے

جبکہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر میں گندم کے10ہزار نمائشی پلاٹس بھی لگائے جا ئیں گے جن پرزرعی مداخل کی فراہمی کیلئے 20 ہزار روپے فی پلاٹ بھی فراہم کئے جائیں گے۔

ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری عبدالحمید نے بدھ کے روزاے پی پی کو بتایاکہ گندم کی بھرپور پیداوار حاصل کرنے کیلئے جدید زرعی ٹیکنالوجی کو اپنانا ناگزیر ہے کیونکہ پاکستان میں گندم میں خودکفالت ملکی فوڈ سکیورٹی کی ضامن ہے لہٰذاگندم کی پیداوارمیں اضافہ کے قومی پروگرام کے تحت امسال حکومت پنجاب کی طرف سے گندم کی پیداوار کو بڑھانے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کاشتکاروں کے مابین صحتمند انہ مسابقت کا جذبہ پیدا کرنے کیلئے گندم کی پیداوار کے مقابلوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے اورنگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایات کی روشنی میں اس میں کامیاب ہونیوالے کاشتکاروں کیلئے انعامات کو بڑھا دیا گیا ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالے کو 45 لاکھ کا ٹریکٹر، دوسری پوزیشن والے کو 35 لاکھ والا ٹریکٹر اور تیسری پوزیشن والے کو 25 لاکھ والا ٹریکٹر انعام دیا جائے گا۔ اسی طرح ضلعی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالے کاشتکار کو 6 لاکھ، دوسری پوزیشن حاصل کرنیوالے کو 4 لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالے کاشتکار کو 2 لاکھ کے انعامات دیئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پوٹاش کھادوں پربھی اربوں روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے کیونکہ اس وقت بڑھتی ہوئی ملکی آبادی کیلئے خوراک کا انتظام انتہائی اہم چیلنج ہے جس سے نبردآزما ہونے کیلئے گندم کی بہتر پیداوار لازم و ملزوم ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی کاشت کا وقت قریب آن پہنچا ہے لہٰذااس حوالے سے کاشتکاروں کو اپنی تیاریاں مکمل کرنی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت توسیع پنجاب کاعملہ کاشتکاروں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، اس حوالے سے کاشتکاروں کو چاہیے کہ بارانی علاقوں میں گندم کی بہتر پیداوار کیلئے محکمہ زراعت پنجاب کی سفارش کردہ اقسام کا بیج استعمال کریں کیونکہ بہتر بیج ہی بہتر پیداوار کا ضامن ہے نیز اس وقت گندم کی قیمت بھی کافی اچھی ہے جس سے کاشتکاروں کو اچھی آمدن حاصل ہو سکتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بارانی علاقوں کے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ 20 اکتوبرسے 20 نومبر تک گندم کی کاشت مکمل کر لیں۔