فیصل آباد۔ 07 نومبر (اے پی پی):ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو بیجوں کے ذریعے کاشت کی جانے والی موسم سرما کی سبزیوں کی چھدرائی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ کاشتکار آلو، مٹر، ٹماٹر، پیاز، مولی، شلجم، گاجر، گوبھی، لہسن، سلاد، پالک، میتھی، پودینہ، دھنیہ کی فصل کی اگاؤ کے بعد مناسب چھدرائی کا عمل شروع کردیں تاکہ پودوں کو مناسب جگہ، روشنی اور خوراک مل سکے اور جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی سے اچھی پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہاکہ لہسن کی ہموار زمین میں جبکہ مولی، گاجر، شلجم کی وٹوں، میتھی، دھنیا، پالک، سلاد، ساگ کی ہموار زمین اور و وٹوں دونوں پر کاشت بہترین پیداوار کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہاکہ گاجر، مولی، شلجم، مٹر وغیرہ کی کاشت کے دوران اکثر اوقات بیج کا اگاؤ کم ہوتاہے لہٰذاکاشتکار ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے عملہ کی مشاورت سے عام طور پر بیج کی مقدار زیادہ رکھیں۔انہوں نے کہاکہ گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کا مشغلہ انسانی صحت کو برقرار رکھنے اور بہتر بنانے میں بھی انتہائی اہمیت کاحامل ہے لہٰذا عوام اس جانب بھی خصوصی توجہ مرکوز کریں۔