کاشتکار 20 نومبر تک گندم کی بوائی کی تکمیل، کھادوں کا متناسب استعمال اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کو یقینی بنائیں ،چوہدری اشتیاق حسین

فیصل آباد۔ 12 نومبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب چوہدری اشتیاق حسین اور ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری عبدالحمید کی سربراہی میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے طلبا، اساتذہ اور محکمہ زراعت توسیع کے عملہ نے ''زیادہ گندم اگاؤ مہم''کے تحت کاشتکاروں کے ڈیروں پرجا کر انہیں جدید ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی فراہم کرنا شروع کردی۔ اس ضمن میں ماہرین نے امین پور بنگلہ میں کاشتکاروں کے ڈیروں میں …

فیصل آباد۔ 12 نومبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب چوہدری اشتیاق حسین اور ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری عبدالحمید کی سربراہی میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے طلبا، اساتذہ اور محکمہ زراعت توسیع کے عملہ نے ”زیادہ گندم اگاؤ مہم”کے تحت کاشتکاروں کے ڈیروں پرجا کر انہیں جدید ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی فراہم کرنا شروع کردی۔

اس ضمن میں ماہرین نے امین پور بنگلہ میں کاشتکاروں کے ڈیروں میں جا کر انہیں گندم کے وقت کاشت،ڈرل کاشت،ترقی دادہ اقسام،کھادوں کے متوازن استعمال، زیرو ٹیلج اور دیگر زرعی امور کے بارے میں آگاہی دی تاکہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو سکے جس سے کاشتکار خوشحال اور ملکی معیشت خود کفالی کی طرف گامزن ہو۔

امین پور بنگلہ فیصل آباد میں ترقی پسند کاشتکار کے ڈیرہ پر جاری زیادہ گندم اگاؤ مہم میں ڈی جی زراعت توسیع پنجاب اور ڈائریکٹر زراعت نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کاشت کار منظور شدہ اقسام دلکش،21 اکبر،2019 بھکر سٹار اور سبحانی21 کی کاشت کریں اور گندم کی کاشت 20 نومبر تک مکمل کریں جبکہ محکمانہ سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ گندم کی پیداوار بڑھائی جا سکے۔ کاشتکاروں کو متناسب کھادوں کے استعمال کو یقینی بنانا ہو گاتاکہ زمین کی زرخیزی اور فصل کی صحت کو بہتر بناتے ہوئے بہترین پیداوار حاصل کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ جڑی بوٹیوں کے حذف کے لئے بھی زرعی سفارشات پر عمل پیرا ہونا گزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو بہترین آب وہوا اور وسائل سے مالا مال کیا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان وسائل کا دانشمندانہ استعمال کرتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ چوہدری عبدالحمید نے کہا کہ پچھلے سال کی نسبت اس سال فیصل آباد ڈویژن کی فی ایکڑ پیداوار میں تین من کا اضافہ ہوا ہے اس سال فیصل آباد کی گندم کی فی ایکڑ پیداوار 38 سے 44 من فی ایکڑ کے حصول کے لئے تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ زرعی ترقی کے مشن کے اہداف حاصل کرنے کے لئے دن رات کوششیں کر رہے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری خالد محمود،ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ڈاکٹر عامر رسول،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت فیصل آباد،ڈاکٹر خالد اقبال اور یونیورسٹی کے سینئر اساتذہ اور طلبا کے علاوہ کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔