کھجور کے باغبانوں کو دسمبرمیں درختوں کی شاخ تراشی کرنے کی ہدایت

فیصل آباد۔ 29 نومبر (اے پی پی):کھجور کے باغبانوں کو رواں ہفتہ کے دوران پودوں کوگوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالنے کی ہدایت کی ہے۔ڈیٹ پام ریسرچ انسٹیٹیوٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آبادکے ماہرین کے مطابق باغبان دسمبرکے پہلے ہفتہ میں کھاد ڈالنے کا عمل مکمل کر لیں جبکہ انہیں ماہ دسمبر کے آخراوراگلے ماہ جنور ی کے پہلے عشرہ کے دوران کھجور کے پودوں کو فاسفورس کھاد کی …

فیصل آباد۔ 29 نومبر (اے پی پی):کھجور کے باغبانوں کو رواں ہفتہ کے دوران پودوں کوگوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالنے کی ہدایت کی ہے۔ڈیٹ پام ریسرچ انسٹیٹیوٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آبادکے ماہرین کے مطابق باغبان دسمبرکے پہلے ہفتہ میں کھاد ڈالنے کا عمل مکمل کر لیں جبکہ انہیں ماہ دسمبر کے آخراوراگلے ماہ جنور ی کے پہلے عشرہ کے دوران کھجور کے پودوں کو فاسفورس کھاد کی پوری اور نائٹروجن کی آدھی مقدار ڈالنے کا بھی مشورہ دیاگیاہے۔ماہرین کے مطابق کاشتکاروں کو 4سے5کلوگرام ایس ایس پی یا 2کلوگرام ٹی ایس پی اور ایک کلوگرام یوریا کھاد فی پودا استعمال کروانی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ پھل نہ دینے والے کھجور کے پودوں کیلئے بھی ضروری ہے کہ انہیں آدھی کیمیائی کھاد 31دسمبر تک گوبر والی کھادکے ساتھ اور بقیہ کھاد جنوری کے آخری ہفتہ میں ڈالی جائے۔ انہوں نے کہاکہ کھاد تنے سے ایک فٹ دور درخت کی شاخوں کے پھیلاؤ کے برابر زمین میں ڈال کر اچھی طرح گوڈی کرنے سے اس کے بہترین نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار گوڈی کے بعد پانی لگا دیں۔

انہوں نے 31دسمبر سے قبل درختوں کی شاخ تراشی، پرانے پتوں کو توڑنے، جن شاخوں پر پھل لگ چکا ہو انہیں کاٹنے اور نئے پتوں سے کانٹے ختم کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ یہ کانٹے پھل کو زخمی نہ کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی اور مشاورت کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔