چنے کی فصل کی بہتر نگہداشت اور اچھی پیداوار کےلئےسفارشات جاری

فیصل آباد۔ 19 دسمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آباد ڈویژن چوہدری عبدالحمید نےکہا کہ چنے کی فصل کی بہتر نگہداشت اور اچھی پیداوار کےلئے جاری موسم کے حوالے سےحکمت عملی جاری کر دی ۔انہوں نے کہا کہ چنے کی فصل میں جڑی بوٹیوں کی تلفی کو ابتدائی مراحل پر یقینی بنائیں جبکہ جڑی بوٹیوں کی تعدادکم ہونے کی صورت میں جڑی بوٹی مار زہروں کی بجائے گوڈی کو …

فیصل آباد۔ 19 دسمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آباد ڈویژن چوہدری عبدالحمید نےکہا کہ چنے کی فصل کی بہتر نگہداشت اور اچھی پیداوار کےلئے جاری موسم کے حوالے سےحکمت عملی جاری کر دی ۔انہوں نے کہا کہ چنے کی فصل میں جڑی بوٹیوں کی تلفی کو ابتدائی مراحل پر یقینی بنائیں جبکہ جڑی بوٹیوں کی تعدادکم ہونے کی صورت میں جڑی بوٹی مار زہروں کی بجائے گوڈی کو ترجیح دیں۔

انہوں نے کہا کہ جڑی بوٹیوں کی تلفی کےلئے پہلی گوڈی فصل اگنے کے 30 سے40 دن بعد اور دوسری ایک ماہ بعد کریں اورریتلے علاقوں میں جڑی بوٹیوں کی تلفی بذریعہ روٹری کریں۔انہوں نے کہا کہ چنے کی فصل کو پانی کی کم ضرورت ہوتی ہے لہٰذا آبپاش علاقوں میں بارش نہ ہونے کی صورت میں خصوصا ًپھول آنے پر اگر فصل سوکھا محسوس کرے تو ہلکا سا پانی لگادیں اسی طرح کابلی چنے کیلئے پہلا پانی بوائی کے 60 تا 70 دن بعد اور دوسرا پھول آنے پر دیں تاہم دھان کے بعد کاشت کی گئی فصل کو آبپاش کی ضرورت نہیں پڑتی۔

انہوں نے کہا کہ فصل کا معائنہ کرتے رہیں اگر فصل پر دیمک، ٹوکے یا چور کیڑے کا حملہ نظر آئے تو محکمہ زراعت توسیع کے مشورہ کے مطابق مناسب زہروں کا استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ فصل پر امریکن سنڈی حملہ آور ہوسکتی ہے لہٰذا کاشتکار کھیت کا معائنہ اور سفارشات کے مطابق اس کا تدارک کریں۔ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ بارانی علاقوں میں بارش نہ ہونے کی صورت میں جٹاؤ سپریئر سے پانی کا سپرے کریں۔