جامعہ زرعیہ فیصل آباد کےسائنسدانوں نے ایک سال میں مختلف اجناس ، سبزیوں اور پھلوں کی 40نئی اقسام متعارف کروائیں، وائس چانسلر

208
Dr. Iqrar Ahmad Khan
Dr. Iqrar Ahmad Khan

فیصل آباد۔ 28 دسمبر (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا ہے کہ جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے زرعی سائنسدانوں و ماہرین زراعت نے رواں سال کے دوران گندم،سویا بین گنے، بھنڈی، چنے، آم، چیا سمیت مختلف اجناس، فصلوں، سبزیوں اور پھلوں کی 40نئی اقسام متعارف کروائی ہیں جو زرعی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے خاطر خواہ نتائج کا باعث بنیں گی اور یہ کاوش یونیورسٹی کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے اقبال آڈیٹوریم میں سالانہ کامیابیوں کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبے اور کاشتکار وں کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ زرعی یونیورسٹی کو زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے ایگری ٹیکنالوجی پارک قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کیمپس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ کسانوں کے مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے قابل عمل اور حل پر مبنی تحقیقات عمل میں لائیں۔

انہوں نے کہا کہ 2023 سے 2033تک کے لئے زرعی پالیسی وضع کر رہے ہیں جو زرعی شعبے میں ترقی کا باعث بنے گی۔انہوں نے کہا کہ رواں سال یونیورسٹی نے 8000 گریجویٹس حاصل کئے ہیں اور مختلف پروگراموں میں انرولمنٹ میں اضافہ ہوا ہے نیز یونیورسٹی نے مختلف کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے 609 ایونٹس کا اہتمام کیا ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے قانونی اداروں نے سٹوڈنٹ کونسلز تشکیل دی ہیں جو یونیورسٹی کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کے لئے طلباکی شرکت بڑھا ئیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زرعی یونیورسٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کا شمار دنیا بھر کی 100 بہترین جامعات میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی بین الاقوامی شراکت داری کے تحت پاک کوریا نیوٹریشن سینٹر، سیڈ سینٹر، یسنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز میں شب وروز کوششیں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک کوریانیوٹریشن سینٹر کی فنڈنگ4.5 بلین روپے تک پہنچ گئی ہے جس سے غذائیت کی کمی کے مسئلے کو مؤثر طریقے سے حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا پورٹ فولیو 29 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی فیکلٹی کی کاوشوں کو سراہا۔