فیصل آباد ۔ 02 جنوری (اے پی پی):ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمید نے سردی اورکورے کے نقصان دہ اثرات سے بچاؤ کے لئے باغبانوں کو پودوں کے تنوں پرچونے اور نیلے تھوتھے کے محلول سے فوری سفیدی کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ باغات میں پودوں کے تنے کے گرد پرانی بوری یاپرالی لپیٹ کر بھی سردی کااثر کم کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ موسم سرما میں کیڑے اور بیماریاں پھلوں کے پودوں کو کمزور کردیتی ہیں اس لئے ان کا بروقت تدارک ضروری ہے تاکہ پودے تندرست و توانا رہ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ کہر کی متوقع راتوں میں آبپاشی کی جائے کیونکہ اس سے زمین کے درجہ حرارت میں خاطرخواہ کمی نہیں ہوتی اور پودوں کے خلیوں میں پانی کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ باغات میں مختلف جگہوں پر گڑھے کھود کر ان میں پتے، گھاس پھوس،بھوسہ یا پرالی وغیرہ جلا کر دھواں کرنے سے بھی کورے کے اثر کو کم کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ نرسری میں نازک پودے سخت سردی سے بری طرح متاثر ہوتے ہیں اس لئے اگر مناسب احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی جائیں تو یہ پودے مربھی جاتے ہیں لہٰذا ان کو سرکنڈے یا پرالی سے اچھی طرح ڈھانپنا ضروری ہے۔