جو کی فصل سخت جان ہونے اور نامناسب حالات کو برداشت کرنے سمیت بہترین قوت مدافعت کی حامل ہے،ترجمان آری

417
Wheat

فیصل آباد۔ 03 جنوری (اے پی پی):جہاں گندم، مکئی، چاول، گنا آسانی سے نہ کاشت کیا جا سکے وہاں جو کی فصل کامیابی سے کاشت کی جاسکتی ہے جو سخت جان ہونے کے علاوہ نامناسب حالات کو برداشت کرنے سمیت بہترین قوت مدافعت کی بھی حامل ہے اور کم سے کم زرعی مداخل کے ساتھ نہ صرف ہر قسم کی زمین سے جو کی بھرپورپیداوار کاحصول ممکن بنایاجاسکتاہے بلکہ اس سے خراب زمینوں کی از سر نو اصلاح بھی کی جاسکتی ہے۔

ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے مطابق جو کی روٹی، دلیہ اور ستو کو بطور خاص غذا استعمال کیاجاتاہے جبکہ جو کی فصل کاچارہ گائے، بھینس، بکری، گھوڑے، گدھے، خچر کی پسندیدہ خوراک ہونے کے علاوہ جانوروں کو فربہ بنانے میں بھی انتہائی معاون ثابت ہواہے۔ انہوں نے بتایاکہ جو کی کاشت گندم کے ساتھ ہی شروع ہو جاتی ہے لیکن اس کی بڑھوتری کاعمل تیز ہونے کے باعث یہ گندم سے پہلے پک کرتیار ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر جو کی کاشت سے لے کر برداشت تک زمین کی تیاری، شرح بیج، طریقہ کاشت، آبپاشی، کیمیائی کھادوں کے استعمال وغیرہ کا خیال رکھا جائے تو جو کی فصل سے بمپر کراپ کا حصول یقینی بنایا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔