محکمہ لائیو سٹاک کی مویشی پال حضرات کو جانوروں کو فوگ فیور سے بچانے کے لئے احتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ہدایت

229
Livestock
Livestock

فیصل آباد۔ 03 جنوری (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ نے مویشی پال حضرات اور فارمرزکواپنے جانوروں کو فوگ فیور سے بچانے کےلئے فوری احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر قیصر خلیق نے کہا کہ جانوروں و مویشیوں کو سردی اور دھند سے بچانے کےلئے لائیو سٹاک فارمرز کو مناسب انتظامات کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہاکہ لائیو سٹاک فارمرز سردیوں میں جانوروں کو رات کا کھڑا پانی ہر گز نہ پلائیں بلکہ تازہ و صاف پانی دیں،اسی طرح نمی والی برسیم اور سرسوں کو دھوپ میں خشک کر کے استعمال کروائیں جبکہ جانوروں کےلئے خشک چارہ محفوظ کر کے رکھیں اور سبز چارہ کے ساتھ خشک چارہ ملا کرانہیں کھلائیں۔انہوں نے کہاکہ دھند میں حاملہ اور دودھ دینے والے جانوروں کےلئے خصوصی تدابیر اپنائیں جبکہ حاملہ اور دودھ دینے والے جانوروں کو روزانہ 100گرام گڑبھی کھلائیں اور دودھ کے بعد جانور کو تازہ پانی لازمی پلائیں۔

انہوں نے کہا کہ دودھ و گوشت فراہم کرنے والے جانوروں کو محکمہ لائیو سٹاک کے جاری شیڈول کے مطابق حفاظتی ٹیکے لگوانا ہر گز نہ بھولیں۔انہوں نے مویشی پال حضرات کوآگاہ کیا کہ فوگ فیور میں ذرا سی غفلت جانور کی زندگی خطرے میں ڈال سکتی ہے۔ اس ضمن میں مزید معلومات و رہنمائی کےلئے محکمہ کی ہیلپ لائن 08333-9211پربھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔