ایگریکلچرمیکانائزیشن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام ٹریکٹر سیمولیٹر بارے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

134

ملتان۔ 08 جنوری (اے پی پی):ایگریکلچر میکانائزیشن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام ٹریکٹر سیمولیٹر بارے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔تربیتی ورکشاپ میں ٹریکٹر ڈرائیورز کو ٹریکٹر سیمولیٹر کے ذریعے ٹریکٹر ودیگر زرعی آلات کے استعمال بارے مکمل آگاہی فراہم کی گئی۔ ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ایڈمن) جنوبی پنجاب آصف رضا نے ورکشاپ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ٹریکٹر سیمولیٹر ٹریکٹر چلانے کی بنیادی باتیں سیکھنے کاایک محفوظ طریقہ ہے جس سے ڈرائیور کسی حادثے کا خطرہ اٹھائے بغیر غلطیاں کر سکتے ہیں۔

ٹریکٹر ٹریننگ سیمولیٹر ایک انقلابی ٹیکنالوجی ہے جو نئے اور تجربہ کار ڈرائیوروں کو حقیقی فارم کی صورتحال میں ڈالے بغیر ٹریکٹر چلانے کی مہارت سیکھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایمری شہزاد احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ جدید تکنیک کمپیوٹر گرافکس اور موشن سینسرز کا استعمال کرکے ایک مجازی ماحول تخلیق کرتی ہے جو حقیقی کھیتوں، سڑکوں اور رکاوٹوں کی نقل کرتا ہے۔ اس سیمولیٹر میں ڈرائیور ٹریکٹر کے تمام ضروری کنٹرولز کو چلانے کی مشق کر سکتے ہیں۔ اس تربیتی ورکشاپ سے ٹریکٹر اسٹیرنگ، گیئر بکس، کلچ اور بریک وغیرہ بارے مکمل آگاہی حاصل ہوتی ہے۔

ڈرائیورز مختلف حالات جیسے کہ بارش، دھوپ اور کم روشنی میں گاڑی چلانے کا تجربہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء مخصوص رفتار سے سیکھ سکتے ہیں اور جب تک وہ اعتماد محسوس نہ کریں بار بار مشق کر سکتے ہیں۔ ٹریننگ سیمولیٹر ڈرائیوروں کو حقیقی دنیا میں ٹریکٹر چلانے سے پہلے اعتماد اور مہارت حاصل کرنے میں مدد کرتا ہے، جس سے ٹریفک حادثات کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

ٹریکٹر سیمولیٹر کے ساتھ کمبائن ہارویسٹر اور ڈسک ہیرو چلانے کی بھی تربیت حاصل کی جاسکتی ہے۔ ایک روزہ ٹریکٹر سیمولیٹر ورکشاپ میں محکمہ زرعی انجینئرنگ کے افسران، زرعی یونیورسٹیز کے اساتذہ اور طلباء و طالبات نے حصہ لیا اور محکمہ زراعت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سے ندیم احمد ایس ا وجی اور محمد عامر ایس او ایڈمن I نے خصوصی شرکت کی۔