محکمہ زراعت کا کاشتکاروں کو ٹنل میں کاشتہ سبزیوں کیلئے ٹنل کا درجہ حرارت 18سے 24ڈگری سینٹی گریڈرکھنے کا مشورہ

97

فیصل آباد۔ 09 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ٹنل میں کاشتہ سبزیوں کیلئے درجہ حرارت 15سے 30ڈگری سینٹی گریڈتک برقرار رکھیں جبکہ کھیرے، گھیا کدو، چپن کدو، حلوہ کدو، گھیا توری، بینگن، خربوزے اور تربوزے کیلئے ٹنل کا درجہ حرارت 18سے 24ڈگری سینٹی گریڈ،شملہ مرچ اور سبز مرچ کیلئے درجہ حرارت 21سے 24اور ٹماٹر و کریلہ کی فصل کیلئے 21سے 29ڈگری سینٹی گریڈ موزوں ہے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادڈاکٹرخالد اقبال نے بتایا کہ دن کے وقت ٹنل کے دروازے کچھ وقت کیلئے کھول دئیے جائیں تاکہ ٹنل میں نمی اور درجہ حرارت مناسب رہے اور بیماریوں کا حملہ نہ ہونیز دن کے وقت درجہ حرارت میں اضافہ رات کے وقت پودوں کے کام آتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ جب درجہ حرارت بڑھنا شروع ہو جائے تو ٹنل کے دروازے زیادہ دیر کیلئے کھولیں کیونکہ ٹنل کے اندر نمی کی زیادتی پھپھوندی والی بیماریوں کا باعث بنتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس موقع پر اگر ممکن ہو تو ٹنل میں ہوا خارج کرنے والا پنکھا لگا دیں تاکہ نمی کو کنٹرول کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایاکہ بیلوں والی سبزیوں میں نر اور مادہ پھول الگ الگ ہوتے ہیں اسلئے ان میں اختلاط نسل خودبخود نہیں ہوتا لہٰذا یہ کام ہاتھ سے کرنا چاہئے اوریہ عمل ٹنل کے پلاسٹک اتارنے تک جاری رکھیں۔انہوں نے کہاکہ پلاسٹک اتارنے کے بعد یہ کام مکھیاں سرانجام دیتی ہیں تاہم اگر پارتھینو کارپک اقسام کاشت کی گئی ہیں تو مصنوعی زرپاشی کی ضرورت نہیں رہتی۔