فیصل آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت نے آلو کی بہترین پیداواری صلاحیت کی حامل اقسام کا اعلان کیا ہے ۔ نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ آلو کی ڈیزائری، کارڈینل، ڈایامینٹ، فیصل آباد سفید، فیصل آباد سرخ، ایس ایچ 5، پی آر آئی سفید، پی آر آئی سرخ اقسام کاشت کرکے کاشتکار اچھی پیداوار حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کاشتکاروں کو آلو کی موسم بہار کی فصل رواں ماہ جنوری سے لے کر 15 فروری تک کاشت کرنے کی ہدایت کی تاکہ انہیں اپریل کے آخر سے لے کر مئی کے وسط تک بہتر پیداوار حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔
انہوں نے بتایاکہ آلو سوائے کلراٹھی زمین کے ہر قسم کی زمین میں بآسانی کاشت کیاجاسکتاہے تاہم یہ گہری، نرم، ہوا دار اور اچھی نکاس والی زمین میں بہتر نشو ونما پاکر شاندار فصل دیتاہے۔ انہوں نے کہاکہ اس لحاظ سے آلو کی موسم بہار کی فصل کی کاشت کیلئے ایسی ذرخیز میرا زمین جس میں نامیاتی مادہ، گوبر اور سبز کھاد کی صورت میں موجو د ہو انتہائی موزوں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں موسمی تغیرات آلو کی فصل پر اثر انداز ہوتے ہیں۔انہوں نے کاشتکاروں کو مزید رہنمائی و مشاورت کیلئے زرعی ماہرین یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے رابطہ کی بھی ہدایت کی ہے۔