ایوب زرعی تحقیقاتی ادارے کا ہلدی کے کاشتکاروں کو فصل کی بروقت برداشت مکمل کرنے کی ہدایت، خربوزے کی کاشت فروری میں شروع کرنے کا مشورہ

103
Research Institute Ayub Agricultural Research Institute

فیصل آباد۔ 19 جنوری (اے پی پی):ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے ریسرچ انفارمیشن یونٹ نے ہلدی کے کاشتکاروں کو فصل کی بروقت برداشت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر کاشتکاروں کو ہلدی کی فصل کی برداشت میں کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا کرنا پڑے تو وہ مزید مشاورت، معلومات و رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب انہوں نے صوبہ کے تمام علاقوں میں خربوزے کی کاشت فروری کے پہلے ہفتہ سے شروع کرنے کی بھی ہدائت کی اور کہا کہ خربوزے کی اقسام ٹی96 اور راوی کو 21سے 35ڈگری سنٹی گریڈ پر ماہ مارچ کے آخر تک کاشت کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خربوزے کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ اسے ہر قسم کی زمین میں کاشت کیا جا سکتا ہے تاہم اگر ذرخیر میرا اور پانی کے مناسب نکاس کے نظام پر مشتمل زمین ہو تو خربوزے کی کاشت نہائت ہی موزوں ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خربوزے کی کاشت اور بہتر فصل کے حصول کیلئے ایک سے ڈیڑھ کلو گرام تک بیج کا استعمال ہی کافی ہوتا ہے۔انہوں نے بتا یا کہ زمین کی تیاری کیلئے ایک مرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل چلانے، اس کے بعد تین دفعہ عام ہل پھیرنے اور ہر مرتبہ ڈھیلے توڑنے، زمین کو نرم کرنے و بھر بھر ی بنانے کیلئے سہاگہ بھی چلاناچاہیے کیونکہ اس کے بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے مشورے سے متوازن کھادوں کا استعمال بھی مؤثر نتائج کا حامل ہو سکتا ہے۔