محکمہ زراعت پنجاب نے چنے کی بہتر نگہداشت کیلئے حکمت عملی جاری کردی

سیالکوٹ ۔ 30 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے چنے کی بہتر نگہداشت کیلئے حکمت عملی جاری کردی۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ چنا ربیع کی ایک اہم پھلی دار فصل ہے۔صوبہ پنجاب میں قریباً22 لا کھ ایکڑ رقبے پر چنے کی کاشت کی جاتی ہے جو ہمارے ملک میں چنے کے کل رقبے کا تقریبًا 80 فیصد ہے۔پنجاب میں چنے کا تقریبًا 92 فیصد رقبہ …

سیالکوٹ ۔ 30 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے چنے کی بہتر نگہداشت کیلئے حکمت عملی جاری کردی۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ چنا ربیع کی ایک اہم پھلی دار فصل ہے۔صوبہ پنجاب میں قریباً22 لا کھ ایکڑ رقبے پر چنے کی کاشت کی جاتی ہے جو ہمارے ملک میں چنے کے کل رقبے کا تقریبًا 80 فیصد ہے۔پنجاب میں چنے کا تقریبًا 92 فیصد رقبہ بارانی علاقوں میں کاشت کیا جاتا ہے جس میں زیادہ تر تھل بشمول بھکرٗ خوشاب،لیہ، میانوالی اور جھنگ کے اضلاع شامل ہیں۔رواں موسم سرما کے دوران بارشیں کم ہونے کی وجہ سے چنے کی فصل پر سٹریس بڑھنے کا اندیشہ ہے۔

کاشتکارچنے کی فی ایکڑ بہتر پیداوار کے حصول کیلئے فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی اور نقصان رساں کیڑوں کا تدارک کریں۔ چنے کے کاشتکار فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی جاری رکھیں تاکہ فصل میں پانی کی کمی نہ ہونے پائے کیونکہ جڑی بوٹیاں بھی پانی کا استعمال کرتی ہیں۔ اگر ضرورت پیش آئے تو پھول آنے پر پانی ضرور دیں۔بارانی علاقوں میں بارش نہ ہونے کی صورت میں جٹاؤ سپرئیر سے پانی کا سپرے کریں۔

کاشتکار فصل کا معائنہ کرتے رہیں اور اگر فصل پر امریکن سنڈی،دیمک،ٹوکے یا چور کیڑے کا حملہ نظر آئے تو محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کے مشورہ کے مطابق زہروں کا سپرے کریں۔اس کے علاوہ چنے کے کاشتکار دیمک کے حملہ کو کم کرنے کیلئے کھیت کی آبپاشی کریں۔چنے کی فصل پر جھلساؤ کی بیماری کا حملہ مشاہدہ میں آئے تو اس بیماری کو مزید پھیلاؤ سے روکنے کے لئے متاثرہ پودوں کو اُکھاڑ کر زمین میں دبا دیں۔

کاشتکار بیج کیلئے فصل ابھی سے مخصوص کر لیں۔اگلے سال کے بیج کیلئے جڑی بوٹیوں سے پاک صحت مند فصل کا انتخاب کریں اور فصل کی برداشت سے پہلے اسے غیر اقسام اور بیماری سے متاثرہ پودوں سے ضرور صاف کر لیں۔

مزید خبریں