لاہور۔11فروری (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے ٹینڈے اور کھیرے کی کاشت کیلئے سفارشات جاری کر دیں۔ترجمان کے مطابق ٹینڈے کی کاشت کیلئے گرم اور خشک آب و ہوا موزوں ہے،محکمہ زراعت پنجاب کی سفارش کردہ قسم” ٹینڈا دل پسند” ہے جس کا پھل گول اور ہلکے سبز رنگ کا ہوتا ہے۔
ٹینڈے کی پہلی فصل کی کاشت وسط فروری اور دوسری فصل کی کاشت20 جون تا 15 جولائی ہوتی ہے،اس سبزی کی کاشت کیلئے زرخیز میرا زمین نہایت موزوں ہے،جن زمینوں کا نکاس اچھا ہو، ان میں ٹینڈے کی کاشت وتر حالت میں بھی کی جا سکتی ہے۔ٹینڈے کی فصل نازک ہوتی ہے اورسردی و کہر برداشت نہیں کر سکتی۔
ترجمان نے کہا کہ کھیرے کی فصل معتدل اور خشک آب و ہوا پسند کرتی ہے،کھلے کھیت میں کھیرے کی کاشت فروری،مارچ اور جولائی میں کی جاتی ہے۔” کھیرا لوکل” دیسی کھیرے کی منظور شدہ قسم ہے،اس کے علاوہ مختلف ممالک سے درآمد ہونے والی ہائبرڈ اقسام بھی کاشتکاروں میں مقبول ہیں تاہم ان میں گرمی اور وائرس کے خلاف قوتِ مدافعت کم ہوتی ہے۔
کھیرے کی کاشت کیلئے میرا زمین موزوں ہے،کاشتکارکھیرے کی عام اقسام کیلئے شرح ِ بیج ایک کلوگرام فی ایکڑ جبکہ ہائبرڈ اقسام کیلئے400 تا500 گرام فی ایکڑ رکھیں،کھیرے کی فصل کو تین چار پانی شروع میں ایک ہفتہ کے وقفہ سے دیں، بعد ازاں خشک اور گرم موسم میں پانی ہر تین یا چار دن کے وقفے سے دیں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ ٹینڈے اور کھیرے کی فصل کیلئے کھادوں کا استعمال اپنے زمینی تجزیہ کی روشنی میں محکمہ زراعت کے مقامی ماہرین کے مشورہ سے کریں۔