فلسطینی صدر کی قطر کے امیر سے ملاقات، غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

دوحہ۔13فروری (اے پی پی):فلسطین کے صدر محمود عباس اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے غزہ کی پٹی اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق دوحہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی غرض سے ہونے والے معاہدے کے لیے جاری کوششوں پر بات چیت کی، جس سے …

دوحہ۔13فروری (اے پی پی):فلسطین کے صدر محمود عباس اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے غزہ کی پٹی اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

اردو نیوز کے مطابق دوحہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی غرض سے ہونے والے معاہدے کے لیے جاری کوششوں پر بات چیت کی، جس سے مسئلہ فلسطین کے ایک منصفانہ، جامع اور پائیدار حل کی راہ ہموار ہو سکے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں تشدد میں اضافے پر بھی تبادلہ خیال کیااور دوطرفہ تعلقات اور ان کو مزید بہتر بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا ۔

شیخ تمیم نے فلسطینی جدوجہد کے لیے قطر کی غیرمتزلزل حمایت اور فلسطینی عوام کے ساتھ ان کی صحیح قومی امنگوں کے حصول کی کوششوں میں یکجہتی کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ قطر کے عوام غزہ میں جاری جنگ کو روکنے اور مغربی کنارے میں بدامنی کو کم کرنے کی غرض سے سفارتی اور ثالثی کی کوششوں کے لیے پرعزم ہیں، اور ایسے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں جو فلسطینیوں کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے میں مدد دے سکیں۔

صدر محمود عباس نے قطر کی جانب سے فلسطینی عوام کی مسلسل حمایت پر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا شکریہ ادا کیا۔صدر محمود عباس نے غزہ جنگ کی کوریج کرنے والے فلسطینی صحافی معتز عزایزہ سے بھی ملاقات کی۔ معتز عزایزہ کو اسرائیل کی جانب سے قتل کی دھمکیاں ملنے پر جنوری میں غزہ سے دوحہ منتقل کر دیا گیا تھا۔

مزید خبریں