لوکاٹ کی کاشت کےلئے پانی کی اچھے نکاس والی ذرخیز میرازمین کو موزوں ترین قرار

281
Cultivation of locat
Cultivation of locat

فیصل آباد۔ 12 مارچ (اے پی پی):ماہرین اثمار نے رواں ماہ مارچ کے دوران لوکاٹ کی کاشت کےلئے پانی کی اچھے نکاس والی ذرخیز میرازمین کو موزوں ترین قرار دے دیا ہے اور کہاہے کہ باغبان و کاشتکار چکنی اور ریتلی زمین میں لوکاٹ کی کاشت سے گریز کریں۔ انہوں نے کہاکہ لوکاٹ کاپودا معتدل آب وہوا میں بڑی اچھی طرح نشو ونما پاتاہے جبکہ ایسے علاقے جہاں سالانہ 25 سے 30انچ مناسب وقفوں سے بارش ہوتی ہو اس کی کاشت کےلئے انتہائی موزوں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ لوکاٹ نہری علاقوں کی گرم و خشک آب وہوا کو برداشت نہیں کرسکتا جبکہ لوکاٹ سایہ دار جگہ میں بھی ہو سکتاہے اس لئے اس کو بطور عارضی پودا دوسرے پھلدار پودوں میں لگایاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ لوکاٹ کاپھل چونکہ بہت نازک ہوتاہے اس لئے اس کے پھل کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے میں کافی نقصان کاسامنا کرناپڑ تاہے لہٰذا ضروری ہے کہ لوکاٹ کا باغ وہاں لگایا جائے جہاں منڈی، پکی سڑک یاسٹیشن قریب ہو۔

انہوں نے کہاکہ لوکاٹ کے باغ کی داغ بیل کرنے سے قبل زمین کو اچھی طرح ہل چلاکر ہموار کرلیناچاہیے اور گڑھاکھودتے وقت اس بات کاخیال رکھناچاہیے کہ اوپر والے ایک فٹ کی مٹی نچلی 10فٹ کی مٹی سے الگ رہے،اوپر والی مٹی میں برابر کی بھل اور گوبر کی گلی سڑی کھاد ملا کر گڑھے کو سطح زمین سے 6انچ اوپر رکھ کر بھرنے سے پودا بہترین نشو ونما پاتاہے۔انہوں نے کہاکہ مارچ کا مہینہ لوکاٹ کی کاشت کےلئے انتہائی آئیڈیل ہے۔