ملتان۔ 14 مارچ (اے پی پی):سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا۔ شجرکاری مہم کے تحت ایگریکلچر کمپلیکس میں ایک ہزار پودے لگائے گئے.
سیکریٹری زراعت نے تمام افسر ان وفیلڈ عملہ کو ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر اس مہم کی کامیابی میں حصہ ڈالیں۔اس موقع پر انھوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کے نتیجے میں جاری موسمیاتی تبدیلیوں میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی اور اس سے موحولیاتی آلودگی میں کمی واقع ہوگی۔
تمام افسران و فیلڈ عملہ اس مہم کو قومی فریضہ سمجھ کر انجام دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شدیدقسم کی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث فصلوں کی بعض اقسام پر بہت برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
اس مہم کے نتیجے میں موسم میں بہتری واقع ہوگی کیونکہ پودے فضاء میں موجود کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس کو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اوربدلے میں آکسیجن گیس کا اخراج کرتے ہیں جس سے ماحول میں ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے۔درختوں کی جڑیں زمینی کٹاؤ کا عمل بھی روکنے کا باعث بنتی ہیں۔
سیکرٹری زرا عت جنوبی پنجاب نے کہا کہ یہ اشجار ہمیں پھل،پھول اور سایہ فراہم کرتے ہیں۔لہٰذا زیادہ سے زیادہ درخت لگا کرہم انسانیت کی خدمت عظیم پیمانے پر انجام دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں در ختوں کے کم ہونے پر تشویش ظاہر کی جارہی ہے ۔