فیصل آباد،کاشتکاروں کو سٹیویا کی بہاریہ کاشت کے لئے نرسری مارچ کے آخر تک کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت

128
Spring Cultivation of Stevia
Spring Cultivation of Stevia

فیصل آباد۔ 15 مارچ (اے پی پی):ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے ترجمان نے کاشتکاروں کو بہاریہ کاشت کے لئے دسمبر و جنوری میں کاشتہ سٹیویا کی نرسری مارچ کے آخر تک کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیویا ایک سالانہ پوداہے جس کی لمبائی ایک میٹر تک ہوتی ہے جبکہ اس کے پتے 2سے10سینٹی میٹر لمبے ہوتے ہیں اور اس میں مٹھاس چینی سے 15گنا زیادہ ہوتی ہے نیز اس کاعرق چینی سے 200سے 300گنا زیادہ میٹھا ہوتاہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹیویاکی کاشت سے فی ایکڑ 60سے 70من خشک پتے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ربیع کاشت کے لئے کاشتکار مئی اور جون میں سٹیویاکی نرسری لگاکراسے اگست و ستمبر میں کھیتوں میں منتقل کرسکتے ہیں نیز نرسری بیج و قلم اور ٹشو کلچر سے بھی تیار کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ پنجاب ایگریکلچر ل ریسرچ بورڈ کے تعاون سے پلانٹ فزیالوجی کے تحت سٹیویا پرمزیدتحقیق جاری ہے جس کے 100گرام خشک پتوں کاتجزیہ کرنے پرمعلوم ہواکہ اس میں 7گرام نمی، 10گرام پروٹین، 52گرام نشاستہ، 14.98ملی گرام وٹامن سی،58.18ملی گرام فولک ایسڈ، 464.4 ملی گرام کیلشیم، 11.4ملی گرام فاسفورس، 53.3 ملی گرام آئرن، 190.6ملی گرام سوڈیم، 180.4ملی گرام پوٹاشیم موجود ہے۔