کاشتکاروں کی خوشحالی اور پیداواری لاگت میں کمی کیلئے سبسڈی پر جدید زرعی آلات و مشینری،ماڈل سینٹرز اور سولر ٹیوب ویل فراہم کئے جائیں گے، وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی

لاہور۔20مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق موجودہ حکومت کی اولین ترجیح کاشتکاروں کی خوشحالی اور زرعی ترقی ہے۔ کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے سبسڈی پر جدید زرعی مشینری و آلات، ماڈل سینٹرز کا قیام اور سولر ٹیوب ویل فراہم کئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے زراعت ہاوس لاہور میں اہم منصوبہ جات کی بریفنگ …

لاہور۔20مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق موجودہ حکومت کی اولین ترجیح کاشتکاروں کی خوشحالی اور زرعی ترقی ہے۔

کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے سبسڈی پر جدید زرعی مشینری و آلات، ماڈل سینٹرز کا قیام اور سولر ٹیوب ویل فراہم کئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے زراعت ہاوس لاہور میں اہم منصوبہ جات کی بریفنگ کے دوران کیا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے صوبائی وزیر کو اہم منصوبوں کی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت جدید زرعی آلات کے ذریعے کاشتکاری35 فیصد تک ہو رہی ہے جو جنوبی ایشیا میں اس کے ہمسایہ ممالک کی نسبت کم ہے۔

کاشتکاروں کو جدید زرعی آلات فراہم کرنے کیلئے 6.5 ارب روپے کی خطیر رقم سے دو سالہ منصوبہ پر عملدرآمد ہو رہا ہے اور اگلے تین ماہ کے دوران 50 کروڑ روپے کی لاگت سے 1800 زرعی آلات و مشینری کاشتکاروں کو 60 فیصد سبسڈی پر شفاف انداز میں قرعہ اندازی کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے قرعہ اندازی کو تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنر کے آفس میں عوامی نمائندوں کی موجود میں کرنے کی ہدایات کیں۔اس کے علاوہ ابتدائی طور پر صوبہ میں دو ماڈل سینٹرز کا قیام ملتان اور دیپالپور میں عمل میں لایا جائے گا جہاں ون ونڈو آپریشن کے تحت کاشتکاروں کو قرضہ جات سے لیکرفصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی اور معیاری کھاد و زرعی ادویات کی دستیابی ہو سکے گی۔

صوبائی وزیر زراعت پنجاب کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب میں اس وقت 15 فیصد بجلی جبکہ85 فیصد ڈیزل کے ذریعے چلنے والے ٹیوب ویلز ہیں جو کہ ذرائع آبپاشی کا 50 فیصد ہیں۔کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے سولر ٹیوب ویلز لگانے کے منصوبہ کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نے ہدایت کی کہ سولر سسٹم پر نئے ٹیوب ویلز لگایا جائے یا پرانے ٹیوب ویلز کو ہی سولر سسٹم میں تبدیل کیا جائے،یہ کاشتکار کی مرضی پر منحصر ہونا چاہیے اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت کو بھی آن بورڈ لیا جائے۔

اس کے علاوہ سٹرس کی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ کیلئے بھی اہم منصوبہ کو حتمی شکل دی جارہی ہے جس کے تحت زراعت توسیع کے عملہ کے تعاون سے سٹرس باغات کی جیو ٹیگنگ کی جائے گی اور سالانہ1 لاکھ بیماریوں سے پاک سٹرس کے پودے تیار کئے جائیں گے۔اس کے علاوہ اس منصوبہ کے تحت ضلع سرگودھا میں سٹرس کے ماڈل باغات بھی تیار کئے جائیں گے۔

اس موقع پرصوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ ان تمام منصوبہ جات کی ٹائم لائن کو فالو کیا جائے۔ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں ان منصوبوں کے ثمرات کاشتکاروں تک پہنچانا اور ان کی پیداواری لاگت میں کمی لانا ہے تاکہ کاشتکار خوشحال ہو سکیں اور ملکی معیشت ترقی کر سکے۔