فیصل آباد۔ 25 اپریل (اے پی پی):ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈاکٹر سید ندیم بدر نے بتایا کہ محکمہ لائیو سٹاک کے زیر انتظام موبائل ٹریننگ سکول بس نے ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں کل 277 تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا جن میں مجموعی طور پر7781 مرد و خواتین فارمرز، مویشی پال حضرات اور طلبا و طالبات نے شرکت …
فیصل آباد ڈویژن میں محکمہ لائیو سٹاک کے موبائل ٹریننگ سکول بس کے277 تربیتی پروگرامز

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 25 اپریل (اے پی پی):ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈاکٹر سید ندیم بدر نے بتایا کہ محکمہ لائیو سٹاک کے زیر انتظام موبائل ٹریننگ سکول بس نے ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں کل 277 تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا جن میں مجموعی طور پر7781 مرد و خواتین فارمرز، مویشی پال حضرات اور طلبا و طالبات نے شرکت کی۔
انہوں نے اے پی پی کو بتایا کہ عوام میں لائیو سٹاک کے حوالے سے شعور و آگاہی پیدا کرنے کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے دیہی علاقوں میں مویشی پال حضرات اور سکولوں کے طلبا طالبات کو موبائل ٹریننگ سکول بس کے ذریعے آگاہی فراہم کرنے کی مہم جاری ہے اوریہ موبائل ٹریننگ بس ضلعی سطح پر مقررہ شیڈول کے مطابق مختلف دیہی علاقوں میں پہنچ کر وہاں کے مقامی ویٹرنری ہسپتالوں کے عملے کے تعاون سے مقامی مویشی پال خواتین و حضرات اور سکول کے بچوں کو ڈاکومنٹریز کے ذریعے جانوروں کی دیکھ بھال کے متعلق مختلف موضوعات پر آگاہی فراہم کرتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ موضوعات میں سر فہرست موسمی حالات کے مطابق جانوروں کی دیکھ بھال، جانوروں کو بیماریوں سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ٹیکہ جات کا شیڈول، دیہی مرغابی کی اہمیت، جانوروں میں گلٹی دار جلدی بیماری ایل سی ڈی بارے آگاہی، دودھ،انڈے اور گوشت کی غذائی اہمیت وغیرہ شامل ہیں۔
ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے کہا کہ موبائل ٹریننگ سکول بس کے ذریعے مویشی پال حضرات کو جدید طریقوں سے جانوروں کی دیکھ بھال اور انہیں وبائی امراض سے بچا کر ان کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے بھی آگاہی فراہم کی جارہی ہے اور سکولوں میں تربیتی پروگرام کے انعقاد سے نئی نسل میں جانوروں کی دیکھ بھال و بہتر پیداوار حاصل کرنے بارے شعور اجاگر کیا جارہا ہے تاکہ ہمارے بچے ملکی معیشت کے مزیداستحکام میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔








