فیصل آباد ۔ 09 مئی (اے پی پی):کپاس کی کاشت کے باعث محکمہ آبپاشی ترجیحی بنیادوں پر جنوبی پنجاب کو اس کے حصے سے زائد پانی فراہم کر رہا ہے تاکہ کپاس کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت ممکن ہو سکے کیونکہ جنوبی پنجاب میں 45 لاکھ 54ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت جاری ہے جو صوبہ پنجاب کے مجموعی ہدف کا91 فیصد ہے اور اگرچہ امسال محکمہ آبپاشی کو نظام میں مجموعی طور پر27 فیصدکے قریب پانی کی کمی کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود جنوبی پنجاب کی نہروں کومطلوبہ پانی دیا جارہا ہے۔
نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری اریگیشن کا کہنا ہے کہ محکمہ آبپاشی اپنی منصوبہ بندی میں جنوبی پنجاب کے کاشتکاروں کی ضروریات کو ترجیحاً مد نظر رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے بتایا کہ کپاس کی کاشت کے ہدف کوپورا کرنے کیلئے پانی کی فراہمی بیحد ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ رقبہ کپاس کے زیر کاشت لایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ کاٹن سیزن کے دوران پانی کی دستیابی سے متعلق محکمہ زراعت اور آبپاشی کے افسران کی جوائنٹ مانیٹرنگ،پانی چوری کے واقعات کی فوری رپورٹ اور ایسا کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق فوری کاروائی عمل میں لانے پر بھی اتفاق کیا گیاہے تاکہ جنوبی پنجاب میں کاشتکاروں کو یکساں اور بلا تعطل نہری پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔