دھان کی اچھی پیداوار کے حصول کیلئے خالص، صحتمند اور بیماریوں سے محفوظ بیج کا ہونا انتہائی ضروری ہے،ترجمان آری

فیصل آباد۔ 30 مئی (اے پی پی):دھان کی فصل سے بہترین پیداوار کے حصول کیلئے جدید پیداواری ٹیکنالوجی پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے جبکہ دھان کی منظور شدہ باسمتی اقسام ہی کاشت کی جائیں ورنہ پیداوار میں کمی ہوسکتی ہے نیز اچھی پیداوار کے حصول کیلئے خالص، صحت مند اور بیماریوں سے محفوظ بیج کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آبادکے ترجمان نے بتایاکہ صوبہ پنجاب …

فیصل آباد۔ 30 مئی (اے پی پی):دھان کی فصل سے بہترین پیداوار کے حصول کیلئے جدید پیداواری ٹیکنالوجی پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے جبکہ دھان کی منظور شدہ باسمتی اقسام ہی کاشت کی جائیں ورنہ پیداوار میں کمی ہوسکتی ہے نیز اچھی پیداوار کے حصول کیلئے خالص، صحت مند اور بیماریوں سے محفوظ بیج کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آبادکے ترجمان نے بتایاکہ صوبہ پنجاب میں دھان کی فصل کی پنیری کی کاشت کیلئے کدو کا طریقہ،خشک طریقہ یا راب کا طریقہ رائج ہے اسلئے کاشتکارکدو کے طریقہ میں بیج کو نمکین پانی میں بھگوئیں اور4گیلن یا18 لیٹر پانی میں 450گرام خوردنی نمک ڈال کر ہلائیں اس سے ناقص اور ہلکا بیج اوپر آ جائے گا جسے نتھارلیں اور بعد ازاں بیج کو پانی سے دھوکر صاف کرلیں۔

انہوں نے کہاکہ بیج سے نمک صاف کرنے کے بعد بیج کو 24گھنٹے پانی میں بھگو لیں اور انگوری مارنے کیلئے بیج سایہ دار جگہ پر چھوٹی چھوٹی ڈھیریوں یعنی 15سے20 کلو گرام فی ڈھیری رکھیں اور گیلی بوریوں سے ڈھانپ دیں۔انہوں نے کہاکہ زیادہ گرمی سے بچانے کیلئے بیج کو دن میں 2،3مرتبہ ہلائیں اور اس پر پانی کے چھینٹے ماریں تاکہ بیج خشک نہ ہو جائے۔اسی طرح بیج پر ڈھانپنے والی بوری کو بھی گیلا رکھاجائے۔ انہوں نے کہاکہ اس عمل سے بیج 36سے 48گھنٹے میں انگوری مارے گا۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار کھیت میں پنیری کاشت کرنے سے پہلے ایک دو دفعہ خشک ہل چلائیں اور پھر اسے پنیری بونے سے 3دن پہلے پانی سے بھر دیں نیز کھڑے پانی میں دوہراہل چلائیں اور سہاگہ دیں۔انہوں نے کہاکہ پنیری کیلئے کھیت تیار کرنے کے بعد اس کو10،10 مرلے کے چھوٹے پلاٹوں میں تقسیم کر دیں اب کھیت میں باسمتی اقسام کا 3پاؤ یعنی750گرام فی مر لہ کے حساب سے انگوری مارے ہوئے بیج کاچھٹہ دے کر اس پر روڑی، توڑی، پھک یا پرالی کی ایک انچ موٹی تہہ بکھیر دیں اور ہلکا پانی لگا دیں۔ انہوں نے کہاکہ چھٹہ دیتے وقت کھیت میں ایک تا ڈیڑھ انچ پانی کھڑا رکھیں اور پنیری کا قد بڑھنے پر پانی کی گہرائی بڑھا دیں لیکن پانی کی گہرائی3 انچ سے زیادہ نہ ہو۔