صوبائی وزیر زراعت کی زیر صدارت پاک چین ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر اور ایگری زوننگ پروگرامز کا جائزہ اجلاس

185
صوبائی وزیر زراعت کی زیر صدارت پاک چین ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر اور ایگری زوننگ پروگرامز کا جائزہ اجلاس

لاہور۔30مئی (اے پی پی):وزیر ِزراعت و لائیو اسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سویا بین کی 1 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کاشت کے پروگرام سے نہ صرف غذائی خود کفالت حاصل ہو گی بلکہ اس کی پیداوار میں اضافہ سے کثیر زرِ مبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے، سویا بین کے زیرِ کاشت رقبہ میں اضافہ کےلئے تمام سٹیک ہولڈرز کے مشاورتی سیشن کا انعقاد کیا جائے جس میں اکیڈمیا، ریسرچ، انڈسٹری، پولٹری، ڈیری اور کاشتکاروں کو مدعو کیا جائے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سویابین کی کاشت کو بڑھانے کےلئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔اس موقع پر صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر اقرار احمد خان نے بتایا کہ یونیورسٹی میں سویا بین جنٹکس اینڈ سیڈ سپلائی چین سینٹر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس کےلئے پی سی ون جمع کروا دیا گیا ہے،

اس کے منصوبہ کے تحت سویا بین ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ لیب کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ اس موقع پروزیر زراعت کو مزید بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب میں سٹرس کی کاشت3 لاکھ76 ہزار ایکڑ رقبہ پر کی جا رہی ہے اور سٹرس کی پیداوار کے اعتبار سے ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ اور سرگودھا خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔ اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ سٹرس کے کاشتکاروں کی فنی رہنمائی اور ریسرچ میں بہتری کےلئے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 30 مربع رقبہ پر مشتمل ایک جدید سٹرس ریسرچ سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔اجلاس میں وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ زرعی ریسرچ میں بہتری کےلئے بین الاقوامی معیار کے ریسرچ سینٹر کا قیام ناگزیر ہے

،اس ضمن میں ہمسایہ دوست ملک چین کی مدد سے جنوبی پنجاب میں پاک چائنا ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا،اس کے علاوہ کیلی فورنیا اور واشنگٹن کے جدید ریسرچ اداروں سے کوآرڈینشن میں بہتری کےلئے ایم او یو سائن کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ زرعی سائنسدانوں کی خصوصی ٹیم کو ان ریسرچ اداروں میں بھیجا جائے گا تاکہ جدید ریسرچ سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔

سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں سٹرس کی بحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ سرگودھا کو بھی سروس کی نئی اقسام کی جدید نرسری قائم کرنے کا ٹاسک بھی سونپ دیا گیا ہے،سرگودھا میں پرانے سٹرس کے باغات کو نئے باغات میں تبدیل کرنے کا پلان مرتب کیا جائے،برآمدی اہمیت کی دریافت کےلئے سرگرمیاں تیز کی جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سویا بین کی کاشت اور پیداوار میں اضافہ کیلئے قابلِ عمل تجاویز پیش کرنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا جائے۔سویا بین کی مقامی پیداوار سے گوشت کی قیمتوں اور درآمدی بل میں کمی واقع ہو گی۔اجلاس میں سپشل سیکرٹری زراعت شہنشاہ فیصل عظیم، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت پلاننگ کیپٹن(ر) وقاص رشید، چیف سائنٹسٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد ڈاکٹر ساجد الرحمن،ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع چوہدری عبدالحمیداور ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔