فیصل آباد۔ 04 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع خالد اقبال نے کہا ہے کہ مونگ کی کاشت کیلئے 15 جولائی اور ماش کیلئے 20جولائی تک کا وقت انتہائی موزوں قرار دیدیا گیاجبکہ مونگ اورماش کے کاشتکاروں کو پودوں کی چھدرائی اور قطارو ں میں پودوں کادرمیانی فاصلہ 8 سے 10سینٹی میٹر رکھتے ہوئے اضافی پودے فوری نکالنے کابھی مشورہ دیا گیا ہے اور کہاگیا ہے کہ جب پودے8سے10دن کے ہو جائیں تو چھدرائی کاعمل شروع کردیا جائے جبکہ پودوں کاآپس کافاصلہ3 سے4انچ رکھنا بھی ضروری ہے اسلئے اگر اس فاصلے کے درمیان پودوں کی تعداد زیادہ ہو تو انہیں فوری طور پر نکال دیاجائے۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع نے بتایا کہ بارانی علاقوں میں مونگ اور ماش کی کاشت ماہ جولائی کے آخر تک مکمل کی جاسکتی ہے تاہم مونگ کیلئے 15 جولائی اور مارچ کیلئے 20جولائی تک کا وقت انتہائی موزوں ہوتاہے لیکن زیادہ بارش والے علاقوں میں مونگ و ماش کی کاشت قدرے پچھیت سے بھی کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ مونگ و ماش کے کھیتوں کو جڑی بوٹیوں سے پاک کرنا اشد ضروری ہے جس کیلئے کھیت میں گہراہل چلایا جا سکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ فصل اگنے کے 15سے20دن بعد ایک مرتبہ گوڈی کردینا بھی ضروری ہے۔اس کے علاوہ فصل کے اگاؤکے 30 سے 40دن بعد اگر ضرورت محسوس ہو تو دوسری گوڈی کاعمل دوہرایا جاسکتاہے البتہ فصل میں پھول آنے کے بعد ہر گز گوڈی نہ کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اگر جڑی بوٹیوں کی تلفی عام طریقے سے ممکن نہ رہے تو زرعی ماہرین سے مشورہ کرکے ان کی تجویزکردہ جڑی بوٹی کش ادویات استعمال کی جاسکتی ہیں۔