کاشتکار زیادہ بارشوں کی صورت میں کپاس کے پودوں کومرجھانے سے بچانے کے لئے 48گھنٹوں میں پانی کانکاس یقینی بنائیں،ماہرین

157
cultivation of cotton
cultivation of cotton

فیصل آباد۔ 15 جولائی (اے پی پی):ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل ۱ٓباد کے ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ زیادہ بارشیں کپاس کے پودوں پر منفی اثرات مرتب کرنے سمیت پودوں کی غیر ثمر دار بڑھوتری میں تیزی لانے کا باعث بن سکتی ہیں لہٰذا کاشتکار پودے مرجھانے سے بچانے کے لئے 48گھنٹوں کے اندر اندر پانی کانکاس یقینی بنائیں۔انہوں نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا کہ کپاس کے کھیت میں 24گھنٹے سے زیادہ دیر تک پانی کھڑارہنے سے فصل کی بڑھوتری رک جاتی ہے اور اگر 24 سے48 گھنٹوں تک بارش کا پانی کپاس کے کھیت میں کھڑارہے تو پودے مرجھانا شروع ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ فصل کو زیادہ پانی کے نقصان سے بچانےکے لئے کپاس کے کھیت میں کھڑاپانی کسی خالی نچلے کھیت میں نکال دیاجائے اور اگر قریب ہی کماد کی فصل کاشت ہو تو اس کھیت میں پانی ڈال کر اس کے مفید نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر پانی کپاس کے کھیت سے باہر نہ نکالاجاسکتاہو تو کھیت کے ایک طرف لمبائی کے رخ کھائی کھود کر پانی اس میں جمع کردیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ کپاس کے کھیتوں کے اندر اور باہر دوسری نظر انداز جگہوں پر جڑی بوٹیوں کی بھرمار ہو جاتی ہے جس کے نتیجہ میں نقصان رساں کیڑوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو جاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار موسم برسات کے دوران کسی غفلت کامظاہرہ نہ کریں اور اس ضمن میں ماہرین زراعت کی رہنمائی سے استفادہ یقینی بنائیں۔