فیصل آباد۔ 21 اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو مون سون بارشوں کے باعث بارانی علاقوں میں مکئی کی کاشت 30 اگست تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے کہاکہ موسم برسات کے دوران جڑی بوٹیاں تیزی سے افزائش پاتی ہیں لہٰذا جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ مکئی کی اچھی پیداوار کے لئے ڈرل کاشت کی صورت میں 12سے13کلوگرام جبکہ کھیلیوں پر کاشت کی صورت میں 8 سے10کلوگرام اور چارہ کے طور پر استعمال کی صورت میں 40 سے50کلوگرام فی ایکڑ بیج استعمال کیاجاسکتاہے۔
انہوں نے آب پاش علاقوں کے کاشتکاروں کو مکئی کی فصل میں فاسفورس اور پوٹاش کی ساری مقدار ڈالنے کا ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کاشتکار 30اگست سے قبل مکئی کے کھیتوں میں فاسفور س اور پوٹاش کی مکمل مقدار جبکہ نائٹروجن کا پانچواں حصہ ڈال دیں تاکہ مکئی کی اچھی پیداوار حاصل ہو سکے۔انہوں نے کہاکہ اگرچہ مکئی کی اگیتی اقسام کی کاشت کا موزوں وقت 20 اگست تک ہے تاہم بارانی علاقوں میں مون سون کی بارشوں کے باعث کاشتکار مکئی کی کاشت 30 اگست تک بھی مکمل کرسکتے ہیں۔