ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کی کاشتکاروں کو بہتر پیداوار کیلئے جڑی بوٹیوں کی تلفی اور کھادوں کے بروقت استعمال کی ہدایت

129
sunflower
کاشتکاروں کو سورج مکھی کی زیادہ پیداوار دینے والی اقسام کاشت کرنے کی ہدایت

فیصل آباد۔ 26 اگست (اے پی پی):ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے ماہرین تیلدار اجناس نے کاشتکاروں کو سورج مکھی کی فی ایکڑ بہتر پیداوار کیلئے جڑی بوٹیوں کی تلفی،بروقت چھدرائی اور کھادوں کے متناسب استعمال کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار سورج مکھی کی کاشت کے بعد جڑی بوٹیوں کی تلفی، چھدرائی اور کھادوں کے استعمال پر خصوصی توجہ دیں۔ماہرین کے مطابق سورج مکھی کی فی ایکڑ پیداوار پر اثرانداز ہونیوالے عوامل میں زیادہ توجہ طلب امر جڑی بوٹیوں کی موجودگی ہے کیونکہ ان کی کثیر تعداد اور تیز روئیدگی فصل کو خوراک، پانی اور روشنی سے محروم کر دیتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سورج مکھی کی فصل کے پہلے آٹھ ہفتے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سورج مکھی کی جڑی بوٹیاں ختم کرنے کیلئے گوڈی کی جائے یا پھر محکمہ زراعت کے مشورے سے بوٹی مار زہریں استعمال کی جائیں نیز اگر افرادی قوت موجود ہو تو گوڈی بہترین طریقہ ہے تاہم اگر گوڈی کی سہولت میسر نہ ہو تو محکمہ زراعت کے مقامی ماہرین کے مشورے سے جڑی بوٹی مار زہر کا سپرے کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ اگاؤ کے بعد جب فصل چار پتے نکال لے تو فصل کی چھدرائی کی جائے اور چھدرائی کے وقت پودے سے پودے کا فاصلہ 9انچ رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پہلے اور دوسرے پانی کے ساتھ آدھی بوری یوریا اور پھولوں کی ڈوڈیاں بنتے وقت ایک بوری یوریا فی ایکڑ استعمال کرکے بہتر پیداوار کاحصول ممکن بنایاجاسکتاہے۔