محکمہ زراعت کی کپاس کی فصل کوسفید مکھی سے بچانے کیلئے کاشتکاروں کو پیسٹ سکاؤٹنگ جاری رکھنے کی ہدایت

فیصل آباد۔ 29 اگست (اے پی پی):شعبہ پلانٹ پروٹیکشن،پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزمحکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹراسرار احمد نے کپاس کے کاشتکاروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی جگہ پر کپاس کی فصل پر سفید مکھی کا حملہ مشاہدے میں آئے تومتاثرہ پودوں کو فوری طور پر جڑ سے اکھاڑ کر پولی تھین بیگ میں ڈالنے کے بعد زمین میں دبا دیا جائے تاکہ …

فیصل آباد۔ 29 اگست (اے پی پی):شعبہ پلانٹ پروٹیکشن،پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزمحکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹراسرار احمد نے کپاس کے کاشتکاروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی جگہ پر کپاس کی فصل پر سفید مکھی کا حملہ مشاہدے میں آئے تومتاثرہ پودوں کو فوری طور پر جڑ سے اکھاڑ کر پولی تھین بیگ میں ڈالنے کے بعد زمین میں دبا دیا جائے تاکہ کپاس کے دیگر صحت مند پودے اس بیماری کی زد میں آنے سے محفوظ رہ سکیں۔انہوں نے کہاکہ برساتی صورتحال کے باعث حبس زیادہ ہونے کی وجہ سے کپاس کی فصل پر سفید مکھی کے حملہ کا خدشہ ہے جو فصل پر حملہ آور ہو کر وائرس پھیلا سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت کاعملہ کپاس کی فصل کی پیسٹ سکاؤٹنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے اور متاثرہ پودوں کو تلف بھی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت روزانہ کی بنیاد پر پیسٹ سکاؤٹنگ رپورٹ اکٹھی کر کے اس کے مطابق حکمت عملی تیار کررہا ہے۔انہوں نے کاشتکاروں کومزید 15 روز تک پیسٹ سکاؤٹنگ جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ چونکہ موسم کی تبدیلی اورماحولیاتی تغیرا ت کے باعث رات کے اوقات میں کچھ نمی کا سلسلہ شروع ہو رہاہے ،اس لئے کاشتکار علی الصبح کپاس کی چنائی سے گریز کریں۔

انہوں نے کہاکہ کپاس کی چنائی کا عمل صبح 11 بجے کے قریب شروع کیاجائے تاکہ کپاس میں نمی برقرار نہ رہ سکے۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح حاصل کردہ روئی کی برآمد سے عالمی منڈی میں بہترین نرخ حاصل ہو سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کاشتکار کپاس کی اگیتی اور پچھیتی کاشتہ فصل کی پیسٹ سکاؤٹنگ کا عمل بھی کم از کم مزید 15 سے 20 روز تک جاری رکھیں کیونکہ موجود ہ موسمی حالات کے باعث فصل پر پیسٹ کا پریشر بڑھ رہاہے تاہم انہوں نے بتایاکہ 15 اکتوبر کے بعد موسم سرما کے آغاز کے باعث پیسٹ کاپریشر کم ہونے سے پیسٹ سکاؤٹنگ کی ضرورت نہ رہتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی یامشاورت کیلئے محکمہ زراعت توسیع اور پیسٹ سکاؤٹنگ اینڈ کوالٹی کنٹرول کے فیلڈ سٹاف سے بھی معاونت حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف پر بھی زور دیا کہ وہ کپاس کے کیڑے مکوڑوں کو کنٹرول کرنے کیلئے کسانوں کی بروقت رہنمائی کو یقینی بنایا جائے۔

مزید خبریں