کپاس کی پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل و ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں،افتخار علی سہو

ملتان۔ 14 ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ کپاس کی پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں،کپاس کی فصل کیلئے اگلا ایک مہینہ بہت اہم ہے،کپاس کی فصل کی پیداوار میں اضافہ کیلئے فنی رہنمائی کے سلسلہ میں جاری سرگرمیاں مزید تیز کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں …

ملتان۔ 14 ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ کپاس کی پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں،کپاس کی فصل کیلئے اگلا ایک مہینہ بہت اہم ہے،کپاس کی فصل کی پیداوار میں اضافہ کیلئے فنی رہنمائی کے سلسلہ میں جاری سرگرمیاں مزید تیز کی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں کپاس کی فصل بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اسپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی،وائس چانسلر ایم این ایس یو پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ،فوکل پرسن برائے کاٹن ڈاکٹر محمد انجم علی سمیت محکمہ زراعت کے افسران اور دیگر نے شرکت کی۔

سیکرٹری زراعت پنجاب نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کے نگہداشتی امور بارے بروقت ایڈوائزری جاری کی جائے،کپاس کی صاف چنائی،ذخیرہ اور ترسیل سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے،جیننگ فیکٹریوں میں کپاس کی پھٹی کی آمد کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے،بہاولپور ڈویژن کو کپاس کی ویلی میں تبدیل کرنے کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کے اچھے بیج کی تیاری کیلئے پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے،کسان کارٖڈ کی کاشتکاروں کو فراہمی کا سلسلہ جاری ہے،کسان کارڈ کے حصول کیلئے اب تک ساڑھے آٹھ لاکھ کاشتکاررجسٹریشن کراچکے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کو بے مثال پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔افتخار علی سہو نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹرز کی فراہمی کیلئے جلد درخواستیں طلب کی جارہی ہیں،اس سکیم کے تحت 10لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی دی جائے گی

،فصلوں کی باقیات کی تلفی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب سموگ کنٹرول پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ گندم کی کاشت کے ہدف کے حصول کیلئے ابھی سے تیاری شروع کی جائے،16ستمبر2024ء سے نوجوان زرعی گریجوایٹس انٹرن شپ پروگرام کے تحت فیلڈمیں عملی سرگرمیوں کیلئے دستیاب ہونگے۔

بعد ازاں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخارعلی سہو نے ملتان میں کسان کارڈ فراہمی سنٹر کا دورہ بھی کیا اوروہاں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔

مزید خبریں