وزیر اعلی پنجاب کا ویژن ہے کہ کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جائیں،ایڈیشنل سیکرٹری زراعت

مظفرگڑھ۔ 18 اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کی ہدایت پر محکمہ زراعت کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال مظفرگڑھ میں آم کے باغانوں اور کاشتکاروں کی ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس جنوبی پنجاب ملتان عبدالجبار نے خصوصی طور پر شرکت کی۔سیمینار میں آم کی پیداوار ، اس …

مظفرگڑھ۔ 18 اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کی ہدایت پر محکمہ زراعت کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال مظفرگڑھ میں آم کے باغانوں اور کاشتکاروں کی ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس جنوبی پنجاب ملتان عبدالجبار نے خصوصی طور پر شرکت کی۔سیمینار میں آم کی پیداوار ، اس کی حفاظت ، معیار کو بہتر بنانے ، اس کی قدر میں اضافے اور برآمدات کو بڑھانے کےلئےباغبانوں اور کاشتکارو ں کو مفید معلومات فراہم کی گئیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس جنوبی پنجاب ملتان عبدالجبار نے کہا ہے کہ مظفرگڑھ کی تاریخ میں مینگو فیسٹیول کا انعقاد اور آج تربیتی ورکشاپ ایک انقلابی اقدام ہے ، جس کا سہرا ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کے سر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن آم کے حوالے سے مظفرگڑھ کا نام پوری دنیا میں پہچانا جائے گا۔ ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس جنوبی پنجاب ملتان عبدالجبار نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا یہ ویژن ہے کہ کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جائیں۔

حکومت پنجاب نے کاشتکاروں کےلئے کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر جیسے پروگرام شروع کیے۔ انہوں نے کہا آم کی پیداور کے لحاظ سے پاکستان کا دنیا میں چھٹا نمبر ہے لیکن اس کے مقابلے میں ہماری برآمدات بہت کم ہے ۔ برآمدات میں اضافے کےلئے ہمیں اپنے آم کو معیاری بنانا ہے اور اس کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہے۔ جس کےلئے محکمہ زراعت اور مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا عملہ موجود ہے۔ آج کی تربیت کا مقصد بھی یہی ہے کہ مظفرگڑھ کے آم کے کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کی جائیں تاکہ ہمارا آم عالمی معیار کا ہو اور اس کی برآمدات میں اضافہ ہو اس سے نہ صرف کاشتکار خوشحال ہوگا بلکہ پاکستان کی معیشت بھی مضبوط ہوگی اور پاکستان خوشحال ہوگا۔ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے کہا کہ آج میرے لئے خوشی کا مقام ہے کہ جس مقصد کےلئے ہم نے جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات میں مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا تھا اس کےمثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں اور آج آم کے کاشتکاروں کی پہلی تریبتی ورکشاپ کا انعقاد ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ آم کو گھر ہے ، مظفرگڑھ سب سے زیادہ آم پیدا کرنے والا ضلع ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ مظفرگڑھ کا کاشتکاری معیاری آم پیدا کرے اور اس کی ویلیو ایڈیشن کر کے زیادہ منافع کمائے۔ انہوں نے کہا کہ آم کو خشک کرنے کی مشین اگر ہمیں خودسے بھی کاشتکاروں کو دینا پڑی تو حکومت اس میں معاونت کرے گی۔ آم کو آن لائن فروخت سے بھی زیادہ منافع کمایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہر سال مینگو فیسیٹول بھی ہوگا اور آم کے کاشتکاروں کی جدید خطوط پر تربیت بھی ہوگی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت حبیب الرحمٰن نے تربیتی ورکشاپ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ تربیتی ورکشاپ میں مینگو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان سے عابد حمید نے آم کی اقسام، ان کی کاشت، آم کی حفاظت ، آم کے بیماریوں اور اس کے بچاؤ سے متعلق شرکاء کو معلومات فراہم کیں اور ڈاکٹر فرح احمد نے آم کی ویلیو ایڈیشن، آم کی برآمدات اور برانڈنگ سے متعلق مفید معلومات فراہم کیں۔ تربیتی ورکشاپ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت عبدالرزاق سمیت آم کے باغبان اورکاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 

مزید خبریں