محکمہ زراعت پنجاب کی کپاس کے کاشتکاروں کو صاف چنائی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت

ملتان۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کے کاشتکاروں کو صاف چنائی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کپاس کے کاشتکارکپاس کی چنائی صبح 10 بجے شروع کریں جس وقت فصل اور ٹینڈوں پر سے رات کی شبنم خشک ہو جائے تاکہ کپاس بد رنگ نہ ہونے پائے اور نمی کی وجہ سے جننگ کے دوران مشکلات کا سامنا …

ملتان۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کے کاشتکاروں کو صاف چنائی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کپاس کے کاشتکارکپاس کی چنائی صبح 10 بجے شروع کریں جس وقت فصل اور ٹینڈوں پر سے رات کی شبنم خشک ہو جائے تاکہ کپاس بد رنگ نہ ہونے پائے اور نمی کی وجہ سے جننگ کے دوران مشکلات کا سامنا بھی نہ ہو۔ کپاس کی فصل کی چنائی شام 4 بجے بند کر دینی چاہیے۔چنائی ہمیشہ پودے کے نچلے حصے سے مکمل کھلے ہوئے ٹینڈوں سے شروع کریں اور بتدریج اوپر کو چنائی کرتے جائیں تاکہ پودے کے سوکھے پتے چنی ہوئی کپاس میں شامل نہ ہوں۔

چنائی کرتے وقت ٹینڈوں سے کپاس کو اچھی طرح نکال لینا چاہیے۔چنائی کے لیے استعمال ہونے والا کپڑا (جھولی)سوتی ہونا چاہیے، چنی ہوئی پھٹی کو صاف اور خشک سوتی کپڑے پر رکھا جائے۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ پھٹی کو آلودگی سےبچانے کے لیے انتظامات کیے جائیں،چنی ہوئی کپاس میں نمی، کچے ٹینڈے،کھوکڑی، رسیاں سوتلی، بال وغیرہ ہرگز شامل نہ ہونے دیں۔ پھٹی کو گودام میں لے جانے سے پہلے یہ تمام اشیاء ہاتھ سے چن کر نکالدیں۔ چنا ئی کرنے والوں کو چاہیے کہ اپنے سر کو اچھی طرح کپڑے سے ڈھانپ کر چنائی کریں تاکہ اس میں انسانی بالوں کی آمیزش نہ ہو۔چنائی کے بعد پھٹی کو ایک دو دھوپ ضرور لگوائیں تاکہ نمی کو مناسب سطح پرلایا جا سکے۔کپاس کی صاف چنائی کی مارکیٹ میں اچھی قیمت حاصل ہوتی ہے۔