محکمہ زراعت کے زیر اہتمام سہ ماہی جرنل آف ایگری کلچر ریسرچ کا تازہ شمارہ آن لائن شائع

فیصل آباد۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت کے زیر اہتمام شائع ہونےوالے سہ ماہی جرنل آف ایگری کلچر ریسرچ کا تازہ شمارہ آن لائن شائع ہوگیا۔ ڈائریکٹر ایگری کلچرل انفارمیشن ریزیڈنٹ ایڈیٹر ڈاکٹر آصف علی نے شمارے میں اپنے زرعی تحقیقی مقالہ جات لکھنے والے زرعی سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی سائنسدانوں کے تحقیقی مقالہ جات کی آن لائن اشاعت کے لئے فری سروس …

فیصل آباد۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت کے زیر اہتمام شائع ہونےوالے سہ ماہی جرنل آف ایگری کلچر ریسرچ کا تازہ شمارہ آن لائن شائع ہوگیا۔ ڈائریکٹر ایگری کلچرل انفارمیشن ریزیڈنٹ ایڈیٹر ڈاکٹر آصف علی نے شمارے میں اپنے زرعی تحقیقی مقالہ جات لکھنے والے زرعی سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی سائنسدانوں کے تحقیقی مقالہ جات کی آن لائن اشاعت کے لئے فری سروس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

یہ جریدہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے وائی کیٹیگری میں منظور شدہ ہے اور اس کی 1963 سے مسلسل اشاعت جاری ہے۔ انہوں نے زرعی شعبہ کے ریسرچرز اور قارئین کے نام پیغام میں بتایا کہ جرنل آف ایگری کلچر ریسرچ (جار)کی ایکس کیٹیگری میں ترقی کے لئے ایڈیٹر محمد اسحاق لاشاری اور اسسٹنٹ ایڈیٹر بشری طلعت کی ٹیم متحرک کردار ادا کر رہی ہے اس سلسلہ میں ان کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔جرنل آف ایگری کلچر ریسرچ کی بروقت اشاعت میں زرعی سائنسدانوں اور ریفریز کا تعاون قابل تحسین ہے۔

جرنل آف ایگری کلچرل ریسرچ کے تازہ شمارہ میں زرعی سائنسدانوں کی کپاس کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کی حامل نئی قسم کی دریافت، چنے کی نئی اقسام کا متنوع ماحولیات میں کردار، سبزیوں اور پھلوں کے ویسٹ سے کارآمد مرکبات کی تیاری، گندم کی فصل کی کلراٹھی زمینوں میں کمپوسٹ کے استعمال کے فوائد، کماد کی پیداوار میں اضافہ کے لئے نیم اور سلفر کوٹڈ یوریا کھاد کے استعمال کے ثمرات اور آلو کے چھلکے کے استعمال سے سیب کے پھل کی شیلف لائف میں اضافہ کے عنوانات پر مشتمل ریسرچ پیپر شائع کئے گئے ہیں۔ جرنل آف ایگری کلچر ریسرچ کی سائی ٹیشن، انڈکسنگ، اپ گریڈنگ اورکیٹیگری امپرومنٹ کے لئے بھی جامع حکمت عملی مرتب کی گئی جس پر عمل درآمد جاری ہے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے وائی کیٹیگری میں شائع ہونے والے جرنل میں معیاری تحقیقی مواد کی آن لائن اشاعت سے زرعی سائنسدانوں کے علاوہ زرعی یونیورسٹیز کے طلبہ اور ترقی پسند کاشتکار مستفید ہورہے ہیں۔

ڈائریکٹوریٹ آف ایگری کلچرل انفارمیشن فیصل آباد جرنل آف ایگری کلچر ریسرچ کی اشاعت کے علاوہ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے مؤثر استعمال سے حکومت پنجاب کے جاری زرعی منصوبوں، مشینی کاشت کے فروغ، زرعی سائنسدانوں کی فصلوں کی متعارف کردہ نئی اقسام اور ان کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کی کاشتکاروں کی دہلیز تک منتقلی میں بھی اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ڈائریکٹر زراعت انفارمیشن فیصل آباد نے جرنل ٹیم کے ساتھ تازہ شمارہ میں شائع ہونے والے ریسرچ پیپرز کا آن لائن جائزہ بھی لیا۔