کاشتکاروں کو دھان کی فصل کمبائن ہارویسٹر سے برداشت کرنے کی صورت میں کٹائی کی ایڈجسٹمنٹ والا ہارویسٹر استعمال کرنے کی ہدایت

فیصل آباد ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کواچھی طرح پک کر تیار ہونے کی صورت میں دھان کی فصل کمبائن ہارویسٹر سے برداشت کرنے کی غرض سے کٹائی کی ایڈجسٹمنٹ والا ہارویسٹر استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ دانوں کو ٹوٹنے سے بچایاجاسکے اورکہاہے کہ اگر ایسا ممکن نہ ہوسکے تو کمبائن کی رفتار آہستہ رکھنے کو ترجیح دی جائے تاکہ فصل نسبتاً اونچی کٹے …

فیصل آباد ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کواچھی طرح پک کر تیار ہونے کی صورت میں دھان کی فصل کمبائن ہارویسٹر سے برداشت کرنے کی غرض سے کٹائی کی ایڈجسٹمنٹ والا ہارویسٹر استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ دانوں کو ٹوٹنے سے بچایاجاسکے اورکہاہے کہ اگر ایسا ممکن نہ ہوسکے تو کمبائن کی رفتار آہستہ رکھنے کو ترجیح دی جائے تاکہ فصل نسبتاً اونچی کٹے اور اس طرح کم دانے ٹوٹیں۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت توسیع نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا کہ کاشتکاردھان کی موٹی اقسام کیلئے کٹائی اور پھنڈائی مناسب وقت پر شروع کریں۔انہوں نے کہاکہ دھان کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے مناسب وقت پر کٹائی اور پھنڈائی بہت ضروری ہے نیز کٹائی کا مناسب وقت وہ ہے جب دانوں میں 20سے 22فیصد نمی ہو اور یہ نمی اس وقت ہوتی ہے جب سٹے کے اوپر والے دانے پک چکے ہوں جبکہ نیچے والے دانے ہرے ہوں لیکن بھر چکے ہوں۔

انہوں نے کہاکہ گندم کی کٹائی والی مشینوں سے دھان کی کٹائی کرنے کیلئے مخصوص پرزہ جات استعمال کئے جائیں اور کاشتکار دھان کی کٹائی بذریعہ مشین کرتے وقت تسلی کر لیں کہ مشین کا گیئر، تھریشننگ ڈرم اور پنکھے کی رفتار مشین کے ساتھ فراہم کردہ ہدایت نامہ کے مطابق ہے۔

انہوں نے کہاکہ کٹائی کے بعد فصل کو کھیت میں پڑا نہ رہنے دیاجائے کیونکہ کٹائی اور پھنڈائی کے درمیان جتنا زیادہ وقفہ ہوگا حاصل کردہ چاول کی ریکوری اتنی ہی کم ہوتی جائے گی۔انہوں نے مزید کہاکہ رات کے وقت دانوں کو ترپال یا پرالی سے ڈھانپ دیاجائے تاکہ یہ اوس کی نمی سے محفوظ رہیں۔