وہاڑی میں زیادہ گندم اگاؤ مہم کے تحت اقدامات تیز کرنے کی ہدایت، ڈی سی عمرانہ توقیر کی زیر صدارت اجلاس

وہاڑی ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر وہاڑی عمرانہ توقیر کی زیر صدارت زیادہ گندم اگاؤ مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ضلع بھر میں گندم کی زیادہ کاشت کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق زیادہ گندم اگاؤ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے آگاہی سرگرمیوں میں مزید تیزی …

وہاڑی ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر وہاڑی عمرانہ توقیر کی زیر صدارت زیادہ گندم اگاؤ مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ضلع بھر میں گندم کی زیادہ کاشت کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق زیادہ گندم اگاؤ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے آگاہی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کاشتکاروں میں گندم کی زیادہ کاشت کو فروغ دینے کے لیے سیمینارز اور آگاہی سیشنز کا انعقاد یقینی بنائے جبکہ سرکاری زرعی اراضی پر گندم کی کاشت ہر صورت مکمل کی جائے۔

عمرانہ توقیر نے بتایا کہ ضلع وہاڑی کے سیلابی علاقوں میں گندم کی کاشت کا آغاز ہوچکا ہے، گندم کا بیج، کھاد اور زرعی ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب نے گندم کا ریٹ 3500 روپے فی من مقرر کیا ہے، جس سے کاشتکاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رانا محمد عارف نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں اب تک 250 ایکڑ پر گندم کی کاشت ہو چکی ہے جبکہ کاشتکاروں کو زیادہ گندم اگاؤ مہم سے متعلق مسلسل آگاہ کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں اے ڈی سی ریونیو بابر سلیمان، اے ڈی سی جنرل غلام مرتضیٰ، اے ڈی سی فنانس مظفر خان، اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی احسن ممتاز، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رانا محمد عارف اور ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز میاں نعیم عاصم سمیت دیگر افسران شریک تھے۔